ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی کی قونصل جنرل ترکیہCemal Sanguسے ملاقات پاک ترکیہ تعلقات، مولانا روم کی مثنوی کی تعلیمات، 2023 میں عالمی سطح پر ترکیہ کی بڑھتے ہوئے کردار پر تبادلہ خیال


کراچی ( فروری 05) شارح مثنوی اور سجادہ نشین خانقائے مولائے روم ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی نے قونصل جنرل ترکیہCemal Sanguسے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ترکیہ تعلقات، مولانا روم کی مثنوی کی تعلیمات، 2023 میں عالمی سطح پر ترکیہ کی بڑھتے ہوئے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی نے کہا کہ دوسری چیزوں کے ساتھ ساتھ مثنوی دونوں ممالک میں قدر مشترک ہے، مولانا جلال الدین رومیؒ کی مثنوی دراصل قرآن کریم کا فارسی ترجمہ و تفسیر ہے۔ مولانا روم ؒ نے مثنوی کے ذریعہ محبت کا پیغام دیا اور یہی وجہ ہے کہ خانقائے مولائے روم میں1001دن کی تربیت کے بعد انسانی جسم صرف اچھائی کی بات کرنے کے قابل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا رومی ؒ کا پیغام آفاقی ہے اور یہ بیداری ملت کا بھی پیغام ہے، ان کی مثنوی دل کو چھولینے والا کلام ہے۔ ڈاکٹر برہان الدین احمد نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور ان تعلقات میں مثنوی کا بھی ایک بڑا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ مثنوی میں پیچیدہ سے پیچیدہ بات انتہائی سہل انداز میں بیان کی گئی ہے جبکہ اس کو پڑھنے والے اس کے اسرار و رموز میں کھو جاتے ہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی نے مثنوی مولانا روم کا مکمل سیٹ قونصل جنرل کو پیش کیا ۔ قونصل جنرل ترکیہCemal Sanguنے کہا کہ ترکیہ پاکستانی عوام کی محبت کا معترف ہے ، جبکہ ترکیہ حکومت اور عوام پاکستان کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے ڈاکٹر برہان صاحب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
=============