نجم سیٹھی کا نعرہ مستانہ ، شہباز حکومت ختم ہونے پر گھر چلا جاؤں گا ، PCB میں PAC کا بول بالا کر دیا، کسی کی گرل فرینڈز ناراض ہوتی ہیں تو ہو جائیں ، اب کسی کھلاڑی اور کوچ کے لئے سفارش نہیں سنی جائے گی ، صدر عارف علوی ہو یا وزیراعظم شہباز شریف، ان سمیت کسی بڑے کو فری ٹکٹ اور پاسز نہیں ملیں گے ۔پی سی بی ملازمین کی نوکری پر نئی تلوار لٹک گئی ، اہلیت اور میرٹ ثابت کرو ورنہ نوکری نو دو گیارہ ۔۔۔۔۔۔


نجم سیٹھی کا نعرہ مستانہ ، شہباز حکومت ختم ہونے پر گھر چلا جاؤں گا ، PCB میں PAC کا بول بالا کر دیا، کسی کی گرل فرینڈز ناراض ہوتی ہیں تو ہو جائیں ، اب کسی کھلاڑی اور کوچ کے لئے سفارش نہیں سنی جائے گی ،

صدر عارف علوی ہو یا وزیراعظم شہباز شریف، ان سمیت کسی بڑے کو فری ٹکٹ اور پاسز نہیں ملیں گے ۔پی سی بی ملازمین کی نوکری پر نئی تلوار لٹک گئی ، اہلیت اور میرٹ ثابت کرو ورنہ نوکری نو دو گیارہ ۔۔۔۔۔۔

اپنی دوسری اننگ کھیلنے والے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ ۔۔۔۔۔بدلے بدلے میرے سرکار نظر آتے ہیں ۔۔۔۔تیور بدل گئے ہیں اب وہ کسی نرمی اور رعایت کے موڈ میں نہیں ہیں کوئی ان سے رعایت نر می حتی کہ بے تکلفی کی امید بھی نہ رکھے

وہ سب کو قاعدہ قانون پڑھانے آ گئے ہیں ، اس مرتبہ ان کا رول ایک استاد کا لگ رہا ہے جو سب کو بھولے ہوئے سبق یاد دلانے آیا ہے اور شاید چھڑی اپنے ساتھ لے آیا ہے رویہ سخت ہوگا ایکشن لیا جائے گا غلطی پر معافی نہیں ہوگی ،

سب کو باہر جانے کا دروازہ دکھا دیا جائے گا ، دوستی ہوگی تو صرف کام کرنے والے سے ۔نکمے اور سفارشی لوگوں کو گھر جانا ہو گا ، کام کرنے کا طریقہ پروفیشنل ہوگا ، معاوضہ اسی کو ملے گا جو اپنے کام کے ساتھ انصاف کرے گا


بورڈ اور خزانے پر بوجھ نہیں بنے گا ۔ کسی کو منہ بنانا ہے تو بنائے ، موڈ آف کرنا ہے تو کر لے ،

کسی کی گرل فرینڈ ناراض ہوتی ہے تو ہو جائے ، لیکن اب کسی پلیئر اور کوچ کے لئے سفارش نہیں سنی جائے گی،


اس مرتبہ نجم سیٹھی مسٹر Cool بن کر نہیں آئے بلکہ غلطی کرنے والوں پر غصہ بھی دکھائیں گے لہذا اس کے لوگ تیار ہو جائیں یہ مت سمجھیں کہ موسم سرد ہے تو روئے بھی سرد ہوں گے کسی وقت بھی گرما گرمی ہو سکتی ہے ۔
====================================

پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں تمام دوستوں اور اعلیٰ شخصیات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے پی ایس ایل میچوں کے لیے مفت ٹکٹس یا پاس نہ مانگیں۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نجم سیٹھی نے لکھا کہ پی سی بی کا آڈٹ کرنے والی قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس عمل سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

نجم سیٹھی نے لکھا کہ میں دوستوں اور اعلیٰ حکام سے بھی درخواست کر رہا ہوں کہ کسی کھلاڑی یا کوچ کے انتخاب اور کسی غیر مستحق شخص کو ملازمت یا سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارش نہ کریں۔

انہوں نے لکھا کہ پی سی بی دنیا کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تنظیموں سے مقابلہ کرتا ہے اور ناکارہ ہونے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

==========================================

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، ایونٹ 13 فروری سے شروع ہوگا۔

پی ایس ایل 8 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 8 میں 34 میچز ہوں گے، جن میں سے 11 مقابلے راولپنڈی میں ہوں گے۔

پی ایس ایل 8 کے کراچی اور لاہور میں 9، 9 جبکہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 2023 کے ایونٹ میں 36 غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
======================================
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)، کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کا آغاز 13 فروری سے ہوگا۔

گزارش ہے کوئی پی ایس ایل کے فری ٹکٹس نہ مانگے، نجم سیٹھی

نجم سیٹھی نے کہا کہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کرکے خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کیلئے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے، بنگلا دیش، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور دبئی میں لیگ ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، پی ایس ایل میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے، ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے، ویمن میچز میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں بتایا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کروانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کیلئے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ یہ روایت ہونی چاہیےکہ حکومت کے تبدیل ہونے پر الگ ہونا چاہیے، پیٹرن کو اختیار ہونا چاہیےکہ وہ اپنا بندہ لائیں، میں نے روایت قائم کرنے کی کوشش کی تھی، میں نے پچھلے دور میں کھلاڑیوں کیلئے دو لیگز کھیلنے کا قانون بنایا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ابھی بھی میں نے لیگز کی پالیسی سے متعلق پوچھا ہے، مجھے بتایا گیا ہے کہ کبھی عمل ہوتا ہے کبھی نہیں ہوتا، پالیسی بنا رہے ہیں کہ جو کھلاڑی پی ایس ایل میں ہیں وہ لیگ سے 15 روز قبل فری ہوں تاکہ انجریز نہ ہوں۔
============================================

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر بھارتی کرکٹر سرفراز خان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار بیٹنگ پرفارمنس دینے کے باوجود سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے کے بعد اب سنیل گواسکر نوجوان کرکٹر کی حمایت میں سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گواسکر نے سلیکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ دبلے پتلے لڑکوں کو ڈھونڈ رہے ہیں تو آپ کو فیشن شو میں جانا چاہیے اور وہاں ماڈلز کو ڈھونڈ کر انہیں بیٹ اور بال تھما کر ان کو سکھائیں۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ اس طرح کرکٹ نہیں چلتی، کھلاڑی ہر طرح کے موجود ہیں، آپ جسامت پر نہیں کھلاڑیوں کے رنز اور اسکورز کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر سنچری نہیں بناتا، اس کی کارکردگی بتاتی ہے کہ وہ فٹ ہے۔

اس سے قبل بھارت کے سابق فاسٹ بولر وینکاتیش پرساد نے بھی 25 سالہ سرفراز خان کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرفراز خان نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں تیسری سنچری اسکور کی ہے۔
======================================
ہاکی فیڈریشن حکومتی رویہ سے مایوس، سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا
20 جنوری ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے رابطہ کر کے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ہے، فیڈریشن کے حکام نے اپنے خط میں وزارت سے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے فیڈریشن کے حوالے سے چھ ماہ گذرنے کے باوجود کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے جس کی وجہ سے سر گرمیاں جاری رکھنے کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے، فیڈریشن نے غیر ملکی ٹیموں کو بھی مدعو کرنے کا پلان بنایا ہوا ہے مگر حکومتی رویہ اس کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، پاکستان کو اس سال ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں حصہ لینا ہے جس کی تیاری کے سلسلے میں قومی ٹیم کو بیرون ملک کا دورہ کرنا ہے مگر پی ایچ ایف غیر یقینی صورت حال میں کسی قسم کا فیصلہ کرنے میں مشکلات کا شکار ہے، حکومت گرانٹ بھی نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے قومی مقابلوں کے انعقاد میں بھی رکاوٹ جنم لے رہی ہے۔
==========================================

ڈپارٹمنٹس کو کرکٹ سیزن میں لانے کیلئے چار ماہ میں رکاوٹیں ہٹانا لازمی
20 جنوری ، 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ 2014 کا آئین بحال کرنے کے بعد نیشنل بینک، واپڈا، زرعی ترقیاتی بینک ، کے آریل، سوئی سدرن، سوئی ناردرن اور اسٹیٹ بینک جیسے ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کو قومی سرکٹ میں شامل کرنا چاہتا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی دبئی سے واپس آکر ڈپارٹمنٹس کے سربراہوں سے ملیں گے آئین کے مطابق آٹھ ڈپارٹمنٹس اور آٹھ ریجن کی ٹیمیں فرسٹ کلاس میں شرکت کریں گی۔ انہی میں سے ڈپارٹمنٹ اور ریجن میں سے بورڈ آف گورنرز کی نامزدگی ہوگی۔ موجودہ بورڈ انتظامیہ کو چار ماہ میں قانونی رکاوٹو ں کو ختم کرکے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو سرکٹ میں لانا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ڈپارٹمنٹس ٹیمیں بنانے کو تیار ہیں لیکن کھلاڑیوں کو کتنی تنخواہ ملے گی۔ اس بارے میں اداروں کو پالیسی بنانا ہے۔ ستمبر میں نیا سیزن شروع ہوگا۔

================================