وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا سعودی عرب کا دورہ، سعودی وزراء، حکام و پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری پانچ روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے جہاں انہوں نے سعودی وزراء اور مختلف حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت کی برآمد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب پہنچنے پر سعودی عرب کے نائب وزیر عدنان النعیم نے ریاض ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کا مقصد مزدوروں، ہنر مند اور اعلیٰ تربیت یافتہ پیشہ ور پاکستانیوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر ساجد حسین نے سعودی نائب وزیر عدنان النعیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پہنچنے پر انکو دلی خوشی اور اطمینان محسوس ہو رہی ہے اور انکے دورے کا مقصد دونوں بردرانہ ممالک میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور سعودی عرب کی افرادی قوت کی ضرورت کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہزاروں پاکستانیوں کے لئے مسکم ہے اور مذہبی حوالے سے تمام امت مسلمہ کا مرکز ہے۔


وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں پاکستانی سفیر امیر خرم راٹھور نے انہیں سفارت خانے کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ گہرے اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہبی، عقیدت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے سفارتخانے کے عملے پر زور دیا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ان کی وزارت اور سفارت خانے کی اولین ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے اپنے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمندر پار پاکستانیوں پر فخر ہے جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک سے دور محنت مزدوری کرکے نہ صرف اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں بلکہ وسیع زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے تمام مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں اور وہ جب چاہیں ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ریاض میں سعودی عرب کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورنر ڈاکٹر احمد بن فہد الفہد سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع، سعودی عرب کو پاکستانی افرادی قوت کی برآمدات میں اضافے اور ورکرز کی فنی تربیت میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت اور اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے اور ان کی کوشش ہے کہ مختلف تکنیکی شعبوں میں تربیت حاصل کرنے کے بعد مزید پاکستانی سعودی عرب آئیں۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ریاض میں تکمل کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں اعلیٰ سعودی حکام نے انہیں تکمل کے مقاصد سے آگاہ کیا، جس کا مقصد لیبر کے معیار کو بلند کرنے کے لیے فنی تربیت فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے پاکستان سے تکمل کا آغاز کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس کا افتتاح انہوں نے چند ماہ قبل اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تکمل کے ذریعے نہ صرف مزدوروں کی فنی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستانی مارکیٹ سے مزدوروں کو تلاش کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں اور انہیں اپنی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ میزبان ممالک کے قوانین کا احترام کریں اور کسی بھی ایسے کام سے گریز کریں جس سے ملک کی بدنامی ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں اور مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائے۔
مختلف ملاقاتوں میں وفاقی وزیر نے سعودی حکام کو پاکستانی مزدور اور انجینئرز اور تکنیکی ماہرین فراہم کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب میں ہر قسم کی افرادی قوت کو پورا کرنے کے لیے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سعودی حکام کو پاکستان سے افرادی قوت برآمد کرنے کے لیے اپنی وزارت کے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر، سفارتی عملے اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دورہ کے دوران مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر سعودی حکومت اور پاکستان میں سعودی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔
دورہ کے اختتام پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے عمرہ ادا کیا اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔ انہوں نے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
==============