امیتابھ بچن کی ایک ہی فلم بار بار دیکھ کر تنگ آئے شخص نے چینل کو خط لکھ دیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی ایک ہی فلم کے ٹیلیویژن پر بار بار نشر ہونے کے خلاف ایک شخص نے تنگ آکر چینل کو خط لکھ دیا۔

امیتابھ بچن کی مشہور فلم ’سوریا ونشم‘ تقریباََ سب نے ہی ایک بار تو ضرور دیکھی ہوگی جسے اپنی گھریلو کہانی اور امیتابھ بچن کے ڈبل رول کی وجہ سے بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔

اس فلم کی مقبولیت کی ایک وجہ اس فلم کا مسلسل ٹی وی پر نشر ہونا بھی ہے لیکن اب ایک شخص اس فلم کو بار بار دیکھ کر تنگ آگیا۔
سوشل میڈیا پر اس شخص کی جانب سے ٹی وی چینل کو لکھے گئے خط کی تصویر وائرل ہوگئی ہے۔

شکایتی خط میں چینل سے سوال کیا گیا ہے کہ’آپ کے چینل کو فلم دکھانے کا حق ہے، مجھے اور میرے خاندان کو سوریا ونشم کی پوری کہانی بہت اچھی طرح یاد بھی ہوگئی ہے، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ آپ اور کتنی بار یہ فلم دکھائیں گے؟‘
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ’اس فلم کو باربار دیکھ کر میری یا میرے گھر والوں کی دماغی صحت متاثر ہوئی تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ برائے مہربانی مجھے اس بات کا جواب دیجئے گا‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس خط پر بہت دلچسپ اور مزاحیہ ردِعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔