جے ایس ایم یو لیب اور ہولی فیملی اسپتال میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگناسٹک لیب ہولی فیملی اسپتال کو 25 فیصد رعایتی نرخ پر ٹیسٹ کی 24 گھنٹے سہولت فراہم کرے گی


جے ایس ایم یو لیب اور ہولی فیملی اسپتال میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگناسٹک لیب ہولی فیملی اسپتال کو 25 فیصد رعایتی نرخ پر ٹیسٹ کی 24 گھنٹے سہولت فراہم کرے گی

مفاہمتی یادداشت پر دستخط جے ایس ایم یو رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور میڈیکل ڈائریکٹر ہولی فیملی اسپتال پروفیسر ماری اینڈریڈز نے کئے

شہر بھر میں لیبس و کلیکشن پوائنٹس کے قیام اور عوام کو مناسب قیمت پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگناسٹک لیبارٹری و بلڈ بینک کی جانب سے ہولی فیملی اسپتال کو رعایتی نرخ پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔ جمعرات کو جامعہ کے بورڈ روم میں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ کی جانب سے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان جبکہ ہولی فیملی اسپتال کی جانب سے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ماری اینڈریڈز نے مفاہمتی یادداشت پردستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگناسٹک لیب ہولی فیملی اسپتال کو 25فیصد رعایتی نرخ پر ٹیسٹ کی 24 گھنٹے سہولت فراہم کرے گی، مفاہمتی یادداشت کی میعاد ایک سال کیلئے ہوگی جس کا آغاز دستخط کے ساتھ ہی 12 جنوری 2023 سے ہوگیا ہے، فریقین شرائط و ضوابط پر مکمل عمل درآمد کرنے کے پابند ہونگے۔ اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ جے ایس ایم یو لیب و بلڈ بینک اپنے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے شہر بھر میں لیبس و کلیکشن پوائنٹس کے قیام اور شہریوں کو مناسب قیمت پرٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے یہی وجہ ہے کہ ہولی فیملی جیسے معروف اسپتال بھی جے ایس ایم یو لیب کے معیاری کام سے متاثر ہو کر اسپتال کیلئے جے ایس ایم یو لیب سے ٹیسٹ کروانے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر ہولی فیملی اسپتال کی میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ماری اینڈریڈز نے جے ایس ایم لیب میں ہونے والے ٹیسٹ کی کوالٹی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہولی فیملی اسپتال کیلئے جے ایس ایم یو لیب ’’ون ونڈو سولیوشن‘‘ ہے، اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں اداروں کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر لیب انچارج ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر نوید الظفر اور لیب منیجر حسنین عباس و دیگر بھی موجود تھے۔

======================