اینٹی سموگ مہم:لاہور میں 1136، دیگر اضلاع میں 1980 انسپکشنز لاہور میں 4 کروڑ 32 لاکھ، دیگر اضلاع میں 3 کروڑ 41 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اینوائرنمنٹل کمپلیکس بنائے جائیں گے، محمد بشارت راجہ


لاہور؛ 05 جنوری
وزیر تحفظ ماحول پنجاب محمد بشارت راجہ کو محکمے کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی سموگ سگواڈز نے لاہور میں اگست سے جنوری تک 1136 اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں 1980انسپکشنز کیں۔ لاہور میں 679 اور دیگر اضلاع میں 775 کارخانے سیل کئے گئے جبکہ لاہور میں 4 کروڑ 32 لاکھ، دیگر اضلاع میں 3 کروڑ 41 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول (ای پی ڈی) عثمان علی خان نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول (ای پی اے) سکندر ذیشان بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ماحولیات نے بتایا کہ سموگ پھیلانے پر لاہور میں 9 اور دیگر اضلاع میں 167 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ پنجاب بھر میں فصلی باقیات جلانے پر اکتوبر سے جنوری تک 1768 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔ کوڑا جلانے پر لاہور میں اکتوبر تا دسمبر 375 چالان اور 50 مقدمات درج کئے گئے۔ اسی طرح فصلی باقیات جلانے پر 2 کروڑ 20 لاکھ جبکہ کوڑا جلانے پر 10 لاکھ 71 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اینٹی سموگ مہم کے دوران دھواں پھیلانے پر ستمبر سے دسمبر 11853 گاڑیوں کا چالان کیا گیا، 2230 گاڑیاں بند کی گئیں جبکہ ایک کروڑ 76 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
وزیر تحفظ ماحول پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے 6 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اینوائرنمنٹل کمپلیکس بنانے کی منظوری دی گئی جو لاہور، راولپنڈی، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہولپور اور فیصل آباد میں تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے سیکرٹری ای پی ڈی کو منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ لاہور میں 2500 ملین روپے کی لاگت سے ای پی ڈی کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ گرین بلڈنگ بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ صنعتی شہر شیخوپورہ اور فیصل آباد میں انڈسٹریل اینوائرنمنٹل مانیٹرنگ سنٹر بنائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری ای پی ڈی عثمان علی خان نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں 8 جاری اور 17 نئی ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ 25 ماحولیاتی سکیموں پر 12861 ملین روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اٹھاوریں آئینی ترمیم کے تحت محکمہ تحفظ ماحول کا نیا نام تحفظ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی رکھا جا رہا ہے۔
=========================