وانمباڑی قومی اردو کتاب میلے کے پہلے دن کے دوسرے سیشن میں آج معروف ڈراما نگار ، ہدایت کار و اداکار ڈاکٹر سعید عالم کے ذریعے پیش کردہ ڈراما’ مولانا ابوالکلام آزاد ‘ نہایت دل انگیز ، مسحور کن اور خوب صورت تھا،

وانمباڑی قومی اردو کتاب میلے کے پہلے دن کے دوسرے سیشن میں آج معروف ڈراما نگار ، ہدایت کار و اداکار ڈاکٹر سعید عالم کے ذریعے پیش کردہ ڈراما’ مولانا ابوالکلام آزاد ‘ نہایت دل انگیز ، مسحور کن اور خوب صورت تھا، سراپا سے لے کر اندازِ گفتگو، نشست و برخاست اور اسلوبِ بیان تک میں انھوں نے اس خاص روش کو بھرپور طریقے سے برتا ، جو مولانا آزاد کا خاصہ سمجھی جاتی ہے۔ ‘غبارخاطر’ کے مختلف خطوط کی عبارتوں کے ذریعے انھوں نے سامعین کے سامنے مولانا کی البیلی شخصیت کے دل آویز پہلوؤں کو بڑی خوبی اور مہارت کے ساتھ پیش کیا۔ خصوصاً ڈرامے کے نقطۂ اختتام پر مولانا کی اہلیہ کی رحلت کے جگر خراش واقعے کو مولانا کے الفاظ میں جس متاثر‌ کن انداز میں انھوں نے بیان کیا، ایسا لگا کہ واقعی مولانا ہی ‘غبارِ خاطر’ کے متعلقہ جملے بول رہے ہیں، رنج و اندوہ کی اس گہرائی کو سعید صاحب کے ساتھ ساتھ تمام سامعین بھی محسوس کر رہے تھے، جس سے مولانا آزاد ان دنوں گزرے‌ ہوں گے ۔ ان کے ساتھ وامق ضیا صاحب نے ہمایوں کبیر کا رول بھی بہت عمدگی سے نبھایا۔ انھوں نے ‘انڈیا ونس فریڈم ‘ کے منتخبات کی روشنی میں مولانا آزاد کے سیاسی افکار پیش کیے۔

رپورٹ: نایاب حسن ، دہلی

#وانمباڑی
#کتاب_میلہ
#قومیاردوکونسل
#پچیسواںقومیاردوکتابمیلہ