جامعہ کراچی: شعبہ عربی کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد – اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع

جامعہ کراچی: شعبہ عربی کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

عربی زبان تقریبا 2500 سال پرانی زبان ہے جس کو نا صرف قرآن وحدیث اور اہل جنت کی زبان ہونے کا شرف حاصل ہے بلکہ جدید دنیا میں بھی پچھلے پچاس سال سے اقوام متحدہ کی چھٹی سرکاری زبان ہونے کا مقام حاصل ہے۔ اسی حوالے سے یونیسکو کے تحت 2012 ء سے ہر سال عربی زبان کا عالمی دن18 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہارمقررین نے شعبہ عربی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذا میں عربی زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقررین میں نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈاکٹر نعیم اشرف،پروفیسر غلام مصطفی،انچارج شعبہ عربی جامعہ کراچی فاطمہ زینب، ڈاکٹر عاصف سلیم، ڈاکٹر شاہ فیض الابرار صدیقی اور ڈاکٹر عزیز الرحمن سیفی شامل ہیں۔

اس موقع پر انچارج شعبہ عربی جامعہ کراچی فاطمہ زینب اور ڈاکٹر عزیز الرحمن سیفی نے شرکاء کو بتایاکہ شعبہ عربی، جامعہ کراچی کے قدیم ترین شعبہ جات میں سے ایک ہے، اور اس شعبہ نے عربی زبان کی ترویج واشاعت میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ شعبہ عربی اس وقت گریجویشن، ماسٹر اور ڈاکٹریٹ کی سطح کے ڈگری پروگرامز کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کررہا ہے اور اس شعبہ کے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

اسلام آباد سے آئے ہوئے شعبہ عربی، جامعہ کراچی کے سابق ایم اے اور پی ایچ ڈی کے طالب علم اور حالیہ نمل یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر نعیم اشرف نے اپنے علمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے عربی زبان کو سیکھنے کے حوالے سے طلبہ کو بیداری کا پیغام دیا،جبکہ کالجوں میں عربی زبان وادب کے اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر غلام مصطفی نے اپنی عربی زبان سے محبت ووابستگی اور اس علمی ارتقاء کا تفصیلی ذکر کیا جس کے بعد وہ آج اس منصب پر فائز ہیں۔

تقریب میں طلبا وطالبات نے عربی زبان میں تقاریر، عربی حوار اور مکالمہ، عربی اناشید پیش کیں اور اساتذہ کی تقریریں ہوئیں۔طلبا وطالبات کی ان ہم نصابی سرگرمیوں کے علاوہ فارغ التحصیل ہوجانے والے بعض طلبہ نے اپنے تجربات بیان کئے، جن میں عربی زبان وادب میں شعبہ ہذا سے بی ایس، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ بھی شامل تھے۔

پروگرام کے اختتام پر انچارج شعبہ عربی فاطمہ زینب نے اس سال پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علم ڈاکٹر منظر الباری کو شیلڈ پیش کی اور تمام طلبہ وطالبات، اساتذہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
==========================================

جامعہ کراچی: اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع

داخلہ فارم 23دسمبر 2022 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں (Reserved Seats)کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔داخلہ فارم 23 دسمبر 2022 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم،فیس واؤچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔

واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے،ان شعبہ جات میں مخصوص نشستوں پر داخلوں کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔ داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔
==========================================