ڈیوڈ وارنر کے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، منیجر

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کے منیجر جیمز ارسکائین کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ایک بیان میں جیمز ارسکائین نے کہا ہے کہ آسٹریلوی سلیکٹرز کو ڈیوڈ وارنر کے حوالے سے فیصلہ کرنے سے قبل ان کے اعداد و شمار دیکھنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ برس بھارت اور انگلینڈ کے ہیوی ڈیوٹی ٹورز ڈیوڈ وارنر کے ایجنڈے میں شامل ہیں، اگلا ٹیسٹ ڈیوڈ وارنر کا آخری ٹیسٹ نہیں ہے، اگر ایسا ہے تو یہ میرے لیے بھی خبر ہے۔

ڈیوڈ وارنر کے منیجر کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کی ایک فیملی ہے، کئی اور سرگرمیاں بھی ہیں لیکن اس وقت ریٹائرمنٹ زیرِ غور نہیں، اس وقت ان کا پلان یہی ہے کہ انہوں نے بھارت اور انگلینڈ میں کھیلنا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی حالیہ پرفارمنس کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں ڈیوڈ وارنر ناکام رہے، یہ زیر بحث ہے کہ آیا اب ان کو آئندہ منتخب کیا جائے گا یا نہیں۔

ڈیوڈ وارنر اب تک 99 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کو سنچری اسکور کیے 3 برس ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہو گا۔