جاپان کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے 3.87 ملین امریکی ڈالر معاہدہ پر دستخط. حکومت جاپان نے پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے لیے 3.87 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی گرانٹ فراہم کرتے ہوئے اپنی معاونت بڑھا دی


جاپان کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے 3.87 ملین امریکی ڈالر معاہدہ پر دستخط. حکومت جاپان نے پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے لیے 3.87 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی گرانٹ فراہم کرتے ہوئے اپنی معاونت بڑھا دی ہے۔ اس گرانٹ کو ضروری پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے پاکستان میں وبائی اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 18.61 ملین سے زیادہ بچوں کی ویکسینیشن ہو گی- حکومت جاپان و یونیسیف (UNICEF) اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) و یونیسیف UNICEF کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور دیگر معززین نے اس تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھاکہ پاکستان پولیو پروگرام نے گزشتہ 30 سالوں میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں تاریخی کمی لائی ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا تذکرہ کرتے ہوئے، وزیر صحت نے مزید کہا، “پروگرام نے کامیابی سے خیبر پختونخواہ کے مقامی اضلاع تک وائرس کی گردش کو محدود کر دیا ہے۔ ہم 2023 تک پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم اور پر امید ہیں۔ وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاپان کی حکومت اور ڈونرز کےغیر متزلزل عزم کی تعریف کی ہے۔

جاپان کے سفیر وادا متسوہیرو WADA Mitsuhiro نے حکومت پاکستان اور یونیسیف کی جنوبی خیبرپختونخوا میں ہنگامی ویکسینیشن مہم اور شمالی وزیرستان میں ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کرنے پر ان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ “میں پولیو سے پاک دنیا کے حصول کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرنا چاہوں گا۔ جاپان اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور یونیسیف کی مسلسل مدد کرے گا۔ مجھے پوری امید ہے کہ اگلے سال کی قومی اور ذیلی قومی مہمات محفوظ اور کامیاب ہوں گی”۔

پاکستان میں یونیسیف کے سربراہ عبداللہ فادل نے کہا ہے کہ “پہلے ہی یہ بچے اور خاندان بہت کچھ کھو چکے ہیں، ضروری ہے کہ ہم انہیں اس مہلک بیماری سے بچائیں،” انھوں نے حالیہ سیلاب کی تباہی کے بعد مقامی اور وبائی اضلاع میں رہنے والے بچوں اور خاندانوں کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا. “عوام اور حکومت جاپان کی غیر متزلزل حمایت اور تعاون کے ذریعے، اب مزید بچوں کو معذوری ، حتی کہ موت سے بچایا جاسکتا ہے، اب ہم پولیو سے پاک مستقبل کے حصول کے قریب تر ہیں۔”

عالمی سطح پر پولیو کے خاتمہ کے لئے بحیثیت شراکت دارکام کرتے ہوئے یونیسیف حکومت پاکستان، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ پولیو کے خاتمے اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔