اولڈ سول اسپتال میں قائم دل کے امراض کا وارڈ، سرجیکل وارڈ اور ایمرجنسی شہر سے باہر نیو ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کر دیئے گئے، اولڈ اسپتال میں گائنی اور بچوں کے وارڈ رہ گئے ہیں

میرپورخاص == تحسین احمد خان === اولڈ سول اسپتال میں قائم دل کے امراض کا وارڈ، سرجیکل وارڈ اور ایمرجنسی شہر سے باہر نیو ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کر دیئے گئے، اولڈ اسپتال میں گائنی اور بچوں کے وارڈ رہ گئے ہیں، دل کی بیماریوں کا وارڈ اور ایمرجنسی کی نیو ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقلی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر سے دور قائم اسپتال تک پہنچتے پہنچتے مریض کی حالت غیر ہو جاتی ہے اور کرائے کی مد میں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں نیو ڈسٹرکٹ اسپتال کے قیام کے بعد متعدد وارڈز کو نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا تھا اور مریضوں کی سہولت کیلئے شہری حلقوں کی خواہش پر دل کا وارڈ اور ایمرجنسی کو منتقل نہیں گیا تھا لیکن گزشتہ روز دل کی بیماریوں کے وارڈ اور ایمرجنسی کو بھی شہر سے دور نیو ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے اس حوالے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر سے دور قائم کئے جانے والے اسپتال تک مریض کو لے جاتے ہوئے مریض کی حالت غیر ہو جاتی ہے دل کی بیماری میں مبتلا مریضوں اور حادثات میں شدید زخمیوں کی جان کو خطرہ ہے جبکہ شہر سے دور اسپتال میں مریض کو لے جاتے ہوئے انہیں کرائے کی مد میں اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں اور رات کے اوقات میں سواری بھی دستیاب نہیں ہوتی شہریوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دل کی بیماریوں کے وارڈ اور ایمرجنسی کو شہر میں موجود پرانی عمارت میں منتقل کیا جائے دیگر صورت میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی٭٭
======================