گورنمنٹ گریجوایٹ گرلز کالج ٹاؤن شپ میں یوم اقبال کے سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد

لاہور(جنرل رپورٹر)گورنمنٹ گریجوایٹ گرلز کالج ٹاؤن شپ میں یوم اقبال کے سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کی مختلف ڈسپلن کی طالبات نے اقبال کے نظریات اور افکار کو قوالی ،ترنم کے ساتھ شاعری ،تقا ریر ی مقابلوں ،رقص خودی اور مختلف ٹیبلوز کے ذریعے اجاگر کیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق پروفیسر اورینٹیل کالج پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی تھے جبکہ اس موقع پر کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ،وائس پرنسپل مسز شاہینہ ،مسز ساشعہ ،ڈاکٹر سعدیہ نور ،ڈاکٹر شہناز ،مسز عاصمہ ،مسز عنبرین ،مسز پھول زہراء ،مسز نوشین ،مسز خدیجہ ،مسز ام کلثوم ،مریم ،صائمہ ،مس عائشہ اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر علامہ اقبال کی کلیات اور تصانیف سے متعلقہ ایک خصوصی سٹال بھی لگا یا گیا ۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانے کے لیے سکول ،کالج،یونیورسٹی کے علاوہ ہر سطح پر خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہون نے کہا کہ اقبال کی خودی کے فروغ سے معاشرہ خوشحال ہو سکتا ہے ۔پرنسپل ڈاکٹر عنبرین جاوید نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور نظریات ہر دور کے لیے قابل تقلید ہیں فکر اقبال اور انکی خودی کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ وائس پرنسپل مسز شاہینہ نے کہا کہ اقبال کے تصورات اور شاعری انسان کو حقیقی زندگی کے قریب تر لاتے ہیں ۔ ڈاکٹر سعدیہ نور نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور پیغام کو عام فہم کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ہر شخص انکے تصورات سے آگہی حاصل کر سکے ۔مسز ساشعہ خان نے کہا کہ اقبال کی شاعری نوجوان نسل کے لئے قیمتی اثاثہ ہے