لاہور پریس کلب کی لٹریری کمیٹی کے زیر اہتمام “پوری عمر کا دن اور کوئی چشمہ نکل آئے” جیسے شعری مجموعوں کے خالق نامور شاعر جاوید قاسم کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور پریس کلب کی لٹریری کمیٹی کے زیر اہتمام “پوری عمر کا دن اور کوئی چشمہ نکل آئے” جیسے شعری مجموعوں کے خالق نامور شاعر جاوید قاسم کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کی صدارت ڈاکٹر ضیائ الحسن نے کی جبکہ ریاض رومانی اور ممتاز راشد لاہوری مہمانان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر ضیاءالحسن نے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ جاوید قاسم کی نظریاتی فکر سے اس کی شاعرانہ ہنر مندی متاثر نہیں ہوتی۔کیونکہ اس میں اس کا صرف نظریہ ہی نہیں شاعر کامشاہدہ اور تجربہ بھی بولتا دکھائی دیتا ہے جبکہ جاوید قاسم نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر پریس کلب اور اظہار خیال کرنے والے دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔ نشست کی نظامت کا فریضہ سلمان رسول نے سر انجام دیا جبکہ طارق کامران نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب کی ادبی کمیٹی صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد کی قیادت میں کلب کو شہر کا اہم ادبی مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں اسے لاہور کی ادبی تنظیموں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ جاوید قاسم کے ساتھ شام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تقریب میں جاوید قاسم نے اپنا کلام سنایا جبکہ شفیق احمد خان، عرفان صادق، خواجہ جمشید امام، ڈاکٹر دانش عزیز، آفتاب خان، انوار قمر، سہیل یار، نجمہ شاہین اور اسلم سعیدی نے صاحب شام کے فن اور شخصیت پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ ریڈیو کے معروف سنگر عنایت عابد نے جاوید قاسم کی غزل گا کر محفل میں رنگ بھر دیا۔ تقریب میں میم سین بٹ، شبیر صادق، افراح شوکت، نسیم گلفام ناز اور علی جوشا سمیت کلب کے ارکان اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔