مشہور فرانسیسی اداکارہ میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا

مشہور فرانسیسی اداکارہ میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا

مشہور فرانسیسی اداکارہ ماڈل اور ٹی وی ہوسٹ میرین الہیمرنے اسلام قبول کر لیاہے ۔ انہوں نے کلمہ پڑھنے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لگائی ہے، جس میں وہ کلمہ طیبہ پڑھ کر اسلام میں داخل ہو رہی ہیں۔اسلام قبول کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے میرین نے لکھا ہے کہ انہوں نے چند ماہ قبل ہی اسلام قبول کرلیا تھا، جس کا وہ اب باقاعدہ اعلان کررہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ یہ میری روح اور دل کا انتخاب ہے اور مجھے اس انتخاب پر فخر ہے۔اس کے بعد انہوں نے عمرہ ادائیگی کی باحجاب تصاویر بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہیں ،جس میں وہ خانہ کعبہ میں موجود ہیں۔اس حوالے سے میرین نے لکھا ہےکہ یہ لمحات میری زندگی کے سب سے بہترین دنوں میں سے ہیں اور ان لمحات کو بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد وہ اپنی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی کے معاملات پر دوبارہ غور کررہی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ فرانسیسی اداکارہ ماڈل اور ٹی وی ہوسٹ میرین الہیمر کے اسلام قبول کرنے پرمسلمان مداحوں کی جانب سے اداکارہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور میرین اس وقت سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہیں۔