سندھ حکومت کی نااہلی اور صوبے میں بیڈ گورننس کے باعث سندھ حکومت نے ڈینٹل سرجنز کی صرف 385 آسامیاں ظاہر کرکے 2008 سے 2022 تک ان پر بھرتیاں کی ہیں

لاڑکانہ(۔ رپورٹ عاشق خان) لاڑکانہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر فضل کھوسو، مرکزی رہنما ڈاکٹر صدام رند، ڈاکٹر پارس گولو، ڈاکٹر سیرت ابڑو، ڈاکٹر کامران عباسی، ڈاکٹر عطاء اللہ، طلحہ پیچوہو، ڈاکٹر برکت پھلپوٹو اور دیگر نے لاڑکانہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور صوبے میں بیڈ گورننس کے باعث سندھ حکومت نے ڈینٹل سرجنز کی صرف 385 آسامیاں ظاہر کرکے 2008 سے 2022 تک ان پر بھرتیاں کی ہیں جبکہ گزشتہ ماہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی 1541 اور ڈینٹل سرجنز کی صرف 50 اسامیوں کو پر کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا جس میں بھی معذور، اقلیتی اور خواتین کے لیے کوٹہ سسٹم لگا کر ڈینٹل سرجنز کے حقوق ہڑپ کیے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہر 10 ہزار آبادی پر ایک ڈینٹل سرجن ڈاکٹر کا ہونا ضروری ہے لیکن لاڑکانہ کی 2017 کی مردم شماری کے مطابق 5 لاکھ کی آبادی والے شہر لاڑکانہ میں اس وقت 50 ڈینٹل سرجن تعینات کرنے کے بجائے صرف ایک ڈینٹل سرجن ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ کے 7 سرکاری اور 12 نجی ڈینٹل کالجوں سے ڈینٹل سرجن کی ڈگری حاصل کرنے والے 17 ہزار ڈاکٹرز ملازمتیں نہ ملنے کے باعث ڈپریشن اور ذہنی امراض میں مبتلا ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایک رپورٹ کے مطابق حیدرآباد اور لاڑکانہ ڈویژن میں 5 ہزار مریض منہ کے کینسر میں مبتلا ہیں، اسی طرح سندھ میں بریسٹ کینسر کے بعد سب سے زیادہ مریض منہ کے کینسر میں مبتلا ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پورے سندھ میں ڈینٹل کالجز بنائے ہیں لیکن ایس این اے کا جواز بناکر ڈینٹل سرجنز کو اسپیشل کیڈر سے محروم کردیا گیا ہے، حکومت سندھ کی جانب سے اداروں کو اون نہ کرنے کی وجہ سے کئی ڈینٹل کالجز کو پی ایم ڈی سی اور ہیک سے رجسٹریشن کے دوران کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور محکمہ صحت کے درمیان ڈینٹل سرجنز کی بھرتی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، ہم صوبائی وزیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ سندھ کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل ڈاکٹرز کی سیٹیں بڑھائی جائیں اور ہمارے جائز مطالبات منظور کیے جائیں بصورت دیگر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اپنے جائز مطالبات کے حق میں پورے سندھ میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی۔
========================