پاکستانی مداح ’دی کراؤن‘ کے سیزن 5 کا ٹریلر دیکھ کر مایوس

نیٹ فلکس کی مشہور سیریز ’دی کراؤن‘ کے سیزن 5 کا ٹریلر دیکھ کر پاکستانی مداح مایوس ہوگئے۔

برطانوی شاہی خاندان پر بننے والی سیریز ’دی کراؤن‘ کے سیزن 5 کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے جوکہ برطانوی شاہی خاندان میں مختلف وجوہات سے پیدا ہونے والے افراتفری کے مناظر پر مبنی ہے لیکن پھر بھی پاکستانی مداحوں کو ٹریلر دیکھ کر کافی مایوسی ہوئی۔

پاکستانی مداحوں کی مایوسی کی وجہ یہ ہے کہ سیریز کی کاسٹ میں ڈاکٹر حسنات جیسے اہم کردار کو ادا کرنے کے لیے شامل ہونے والے پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کی ایک جھلک بھی ٹریلر میں نظر نہیں آئی۔

واضح رہے کہ اس سیریز کا حالیہ سیزن میں برطانوی شاہی خاندان کے سب سے مشکل دور کو اسکرین پر دکھایا جائے گا۔
اس سیزن میں مداحوں کو شہزادی ڈیانا کو طلاق دینے کے لیے چارلس کے ملکہ برطانیہ کو راضی کرنے، مشہور فوٹوگرافر گروپ پاپرازی کے شہزادی ڈیانا کو ہراساں کرنے اور شہزادی ڈیانا کے شاہی خاندان کے پروٹوکولز کے خلاف جاکر لوگوں کے سامنے اصل حقیقت کو لانے کے لیے ایک کتاب شائع کروانے کے فیصلے تک وہ سب کچھ دیکھنے کو ملے گا، جس کے بعد چارلس کی برطانوی عوام کے درمیان مقبولیت میں کمی آگئی تھی۔

لیکن پاکستانی مداحوں کو سیریز میں مایوں سعید کو اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوتے دیکھنے کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

اس سیریز کے سیزن 5 کو نیٹ فلکس پر 9 نومبر سے نشر کیا جائے گا۔