مفاہمتی یاداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او لاہورعمارہ اطہر نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں مکمل آگاہی سے ہی ملک میں ٹریفک کے نظام کو منظم کرنے میں مدد ملے گی۔

لاہور (پ ر) مفاہمتی یاداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او لاہورعمارہ اطہر نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں مکمل آگاہی سے ہی ملک میں ٹریفک کے نظام کو منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری سے ہم ملک میں ہونے والے حادثات سے بچ سکتے ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ تعلیمی اداروں میں روڈ سیفٹی سے متعلق تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ کی جانب سے ٹریفک پولیس کے ملازمین کو فراہم کی جانے والی سہولت سے ملازمین کو اپنے بچوں کی تعلیمی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی، یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ٹریفک پولیس شہداء کے لیے فیس میں 100 فی صد رعایت کا اعلان کر دیا۔یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور ٹریفک پولیس لاہور کے درمیان یونیک گروپ کے ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق ٹریفک پولیس کے حاضر سروس شہدا ء کو فیس میں 100 فیصد جبکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو یونیک گروپ کے تعلیمی اداروں میں ٹیوشن فیس پر 50فیصد رعایت دی جائے گی۔مفاہمتی یاد داشت پرٹریفک پولیس کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر جبکہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے دستخط کیے۔تقریب میں چئیر مین یونیک گروپ پروفیسر عبد المنان خرم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرچئیرمین یونیک گرو پ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسرعبد المنان خرم نے کہا کہ بچوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تعلیمی اداروں کے اولین فرائض کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین عوام کی بہتری کے لیے ریاست مرتب کرتی ہے اور اس کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے جس نمائندے سے عوام کا سب سے پہلے واسطہ پڑتا ہے وہ ٹریفک افسر ہی ہوتا ہے جو ہمارے فائدے کے لیے ہماری راہنمائی کرتا ہے۔ اس موقع پر وائس چئیر مین یونیک گروپ عفیف اشرف صدیقی، ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر عبداللہ کے علاوہ ٹریفک افسران، اساتذہ اور طلبا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔