عمران نیازی چاہتے ہیں کہ عوام حق اور سچ کے ساتھ نہیں بلکہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور ان کی کرپشن کے ساتھ کھڑے ہو ں، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے سرگودھا یونیورسٹی میں خطاب پر ردعمل

اسلام آباد۔20اکتوبر :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی چاہتے ہیں کہ عوام حق اور سچ کے ساتھ نہیں بلکہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور ان کی کرپشن کے ساتھ کھڑے ہوں، نالائق، چور، جھوٹا فارن فنڈڈ فتنہ ملک پر مسلط ہوتا ہے تو ملک تباہ ہوتے ہیں، ملک جھوٹے نالائق فارن فنڈڈ فتنہ کی حکمرانی سے خوشحال نہیں بدحال ہوتے ہیں، اس فارن فنڈڈ فتنے، ڈاکو اور جھوٹے کے ملک پر مسلط ہونے سے ملکی معیشت تباہ ہوئی، اس نے چار سال چور چور کا تماشہ لگا کر عوام کو بے روزگار، ملک کو غریب اور کمزور کیا، ہاتھ پھیلا کر زکوة اور خیرات جمع کی اور اسے اپنی ذات پر خرچ کیا، تعلیمی اداروں کو انتشار کا میدان بنانے والے کو شرم آنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرگودھا یونیورسٹی میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافت کا سرٹیفائیڈ پریڈیٹر آزادی صحافت کا بھاشن نہ دے، عمران خان نے چار سال قانون کو یرغمال بنائے رکھا اور اپنے سیاسی مخالفین پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس شخص نے آٹا اور چینی پر ڈاکے ڈالے ہوں، اسے عوام کیسے وزیراعظم بنا دے؟ جس نے قومی مفاد بیچے ہوں، اسے عوام کیسے وزیراعظم بنا دے؟ جس نے ملک کی زمینیں بیچی ہوں، اسے عوام کیسے وزیراعظم بنا دے؟ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے تقریر صرف بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کو جیل جانے سے روکنے کے لئے کی، عمران نیازی جن کو چور کہتے اور بہتان لگاتے ہیں، ان پر ایک بھی الزام کیوں ثابت نہیں کیا؟ سیاسی مخالفین کو چار سال جیلوں میں قید کیا، ثبوت کیوں نہیں پیش کئے؟ انہوں نے کہا کہ امربالمعروف یہ ہے کہ بہتان اور جھوٹ پر اللہ سے ڈرو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں اور سرگودھا میں لیکچر، واہ عمران خان واہ ۔۔۔۔ فارن فنڈڈ فتنے نے 45 ہزار ارب کا قرض ملک پر چڑھا دیا، اس نے تین سال میں 25 ہزار ارب روپے کا تاریخی قرض لیا، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے ہاتھ پھیلا کر تاریخی 651 ارب روپے کا قرضہ لیا، 10 سال خیبر پختونخوا کو بے روزگار ، مہنگا، غریب اور قرض میں ڈبودیا، چار سال وفاق اور پنجاب میں صرف نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کے فیتے کاٹے۔
===================