حدیقہ کیانی نے سیلاب متاثرین کو خوشخبری سنادی

پاکستانی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے سیلاب متاثرین کے لیے نئےگھروں کی تعمیر کے جلد آغاز کی خوشخبری سنادی ہے۔

حدیقہ کیانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایک ٹیم کو گھروں کی تعمیر کے لیے مقامات کا تعین کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ بتاتے ہوئے میں بہت شکر گزار ہوں کہ ٹیم نے کل سے گھروں کے لیے مقامات کا تعین کرنا شروع کر دیا ہے!‘
اُنہوں نے لکھا کہ’انشاء اللّٰہ، ہم اس حوالے سے بہت جلد مزید معلومات شیئر کریں گے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’جلد ہی تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا، ہم ابھی بھی (GoFundMe.com) پر عطیات وصول کر رہے ہیں‘۔
حدیقہ کیانی نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ’براہ کرم، بائیو میں دیے گئے لنک پر کلک کریں، ہمیں سیلاب زدگان کی مدد کرتے رہنا ہے اور انشاء اللّٰہ ہم گھر تعمیر کریں گے!‘

واضح رہے کہ حدیقہ کیانی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کھڑی ہونے والی پہلی شخصیت تھیں جنہوں نے اس سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا اندازہ وقت سے قبل ہی لگا کر ’وسیلۂ راہ‘ کیمپین کا آغاز کیا۔

اُنہوں نے اپنی اس مہم کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لیے200 گھروں کی تعمیر کروانے کا عزم بھی کیا تھا۔