پرانی مولاجٹ ، بھٹو اور جنرل ضیاء پر تھی نئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ ، نواز شریف اور عمران خان پر بنائی گئی ہے ؟ ہیرو کو شیر سے تشبیہ دی گئی ہے اور ولن پی ٹی آئی کے ہمدرد حمزہ عباسی کو بنایا گیا ہے ۔ دونوں فلمیں دیکھنے والے سینئر سیاسی کارکن کا تجزیہ ۔

پرانی مولاجٹ ، بھٹو اور جنرل ضیاء پر تھی نئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ ، نواز شریف اور عمران خان پر بنائی گئی ہے ؟ ہیرو کو شیر سے تشبیہ دی گئی ہے اور ولن پی ٹی آئی کے ہمدرد حمزہ عباسی کو بنایا گیا ہے ۔ دونوں فلمیں دیکھنے والے سینئر سیاسی کارکن کا تجزیہ ۔تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ریلیز کی گئی پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ جس کی نمائش دنیا بھر کے 25 ملکوں میں جاری ہے اسے دیکھنے کے لئے

نوجوانوں سمیت فلمی شائقین کی بڑی تعداد سینما گھروں کا رخ کررہی ہے موجودہ دور کے مشہور و مقبول فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے فلمی شائقین اپنے اپنے انداز میں تبصرے بھی کر رہے ہیں توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فلم سو کروڑ کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کرے گی

اور پاکستانی سینما کی تاریخ میں مقبولیت کی نئی منازل طے کرے گی ، فلم میں پاکستان کے صف اول کے مشہور اداکار دنیا بھر میں اپنی فین فالونگ رکھتے ہیں فلم ریلیز ہونے سے بہت پہلے ہی سوشل میڈیا پر اس فلم کی دھوم مچی ہوئی تھی پرانی فلم مولا جٹ جسے اصل فلم کہنا چاہیے

میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سلطان راہی اور مصطفی قریشی پاکستانی فلمی تاریخ کے پاپولر کردار بنے مصطفی قریشی نے بھی نئی مولاجٹ دیکھی ہے ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی کی فلم ہے جس میں فنکاروں سے زیادہ کنٹرول ڈائریکشن کا ہے اور فنکاروں نے اچھا کام کیا ہے لیکن ان کی فنکاری دب گئی ہے البتہ ٹیکنالوجی آئی ہوئی ہے دوسری طرف پرانی اور نئی مولاجٹ دیکھنے والے


ایک سیاسی کارکن نے تجزیہ کیا ہے کہ اصلی مولاجٹ میں بھٹو اور ضیاء الحق نظر آتے تھے جب کہ نئی مولا جٹ میں نواز شریف اور عمران خان دکھائی دے رہے ہیں اپنی بات کی تشریح کرتے ہوئے اس کا کہنا ہے کہ نئی مولا جٹ فلم میں ہیرو کو شیر سے تشبیہ دی گئی ہے
ایک موقع پر ولن کہتا ہے شیر آیا ہے اب مزا آئے گا

جبکہ ولن کا رول پی ٹی آئی کے ہم درد حمزہ عباسی کو دیا گیا ہے سمجھنے والوں کے لئے اس میں کافی بڑا پیغام ہے اور پھر اس فلم کی ساری پروجیکشن جنگ جیو گروپ کر رہا ہے جسے نواز شریف اور مسلم لیگ نون کا ہمدرد مانا جاتا ہے اور سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے لوگ اس گروپ سے چڑتے ہیں ۔
سیاسی کارکن کا مزید کہنا تھا کہ یہی مشہور میڈیاگروپ ماضی میں جب عمران خان وزیراعظم بنے تو مشہور فلم ۔۔۔ڈونکی راجہ ۔۔۔کی زبردست پذیرائی کرتا رہا ۔
===============================
پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے بیرون ملک کتنی کمائی کرلی؟
فلم کی دنیا بھر کے 25 ممالک میں نمائش جاری ہے
ماضی کی مقبول ترین پاکستانی فلم مولا جٹ کے ری میک ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے عالمی سطح پر بھی کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان، حمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان کی نئی فلم بین الاقوامی سطح پر 15 لاکھ 55 ہزار ڈالر سے زائد کما چکی ہے۔

ڈیڈ لائن کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایکشن فلم نے اپنے ابتدائی ویک اینڈ میں ہی باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، دی لیجنڈ آف مولا جٹ اب تک ڈیڑھ ملین ڈالر (32 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد) کا بزنس کرچکی ہے۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں یہ فلم 79 مقامات پر لگی ہے جس نے اب تک 3 لاکھ 55 ہزار ڈالر کی کمائی کی ہے، اور فلم ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی ہے۔

فلم تجزیہ کار علی زین کے مطابق پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ برطانیہ میں اب تک 4 لاکھ 27 ہزار ہزار پاؤنڈ (10 کروڑ 60 لاکھ روپے) کا بزنس کرچکی ہے، فلم 5 روز میں ہی ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم ’’لاہور نہیں جاؤں گی‘‘ کا ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق امریکا اور کینیڈا میں بھی فلم بالترتیب 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر اور 2 لاکھ 35 ہزار ڈالر کی کمائی کرچکی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلم کا بزنس ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کینیڈا اور آسٹریلیا دونوں ممالک میں پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ چارٹ پر نمبر 6 پر ٹرینڈ کر رہی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں اس فلم نے اب تک 5 لاکھ 15 ہزار ڈالر سے زیادہ کمائی کی ہے اور باکس آفس پر نمبر ون پوزیشن پر ہے۔

دنیا بھر کے 25 ممالک میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی نمائش جاری ہے، جن میں ناروے، جرمنی، ہالینڈ، اسپین اور جنوب مشرقی ایشیا شامل ہیں۔

فلم میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، گوہر رشید سمیت دیگر شامل ہیں۔
https://www.samaa.tv/news/40009443/
==========================================