آریان خان منشیات کیس میں تحقیقات کے دوران بےضابطگیوں کا انکشاف

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی تحقیقات کے دوران کئی بےضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے پاس کورڈیلیا کروز منشیات کیس، جس میں گزشتہ سال اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ان کے دوست ارباز مرچنٹ کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا، قابلِ تشویش انکشافات سامنے آئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، این سی بی کی خصوصی داخلی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کیس کی تحقیقات کے دوران این سی بی کے افسران کی جانب سے کی گئی بہت سی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ این سی بی کے 7 سے 8 افسران نے کیس کی تحقیقات میں تمام ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کے بعد مشکوک رویّے کا مظاہرہ کیا۔

رپورٹ میں سامنے آنے والے نتائج کی وجہ سے این سی بی کے افسران کے سروں پر پریشانی کے بادل چھا گئے ہیں جو کہ آریان خان کیس کی تحقیقات میں شامل تھے ۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کچھ ماہ قبل اس کیس میں کلین چٹ دے دی گئی تھی لیکن کیس سے جُڑے سیاسی افراد اور بالی ووڈ انڈسٹری کے ناموں کے وکلاء نے این سی بی پر یہ الزام لگایا تھا کہ این سی بی کی جانب سے کیس کی شفاف تحقیقات نہیں کی گئیں۔
کیس کی تحقیقات پر اُٹھنے والے سوالات کے بعد ہونے والی اس خصوصی تفتیش کے دوران 65 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے جبکہ زیر تفتیش افسران کے اہل خانہ کی بینک اکاؤنٹس تفصیلات اور دیگر مالی تفصیلات کی بھی چھان بین کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق، کیس کی تحقیقات کے دوران چند افسران اور افراد نے 3 سے 4 مرتبہ اپنے بیانات بدلے، جن میں سے زیادہ تر افسران کا تعلق محکمے سے ہے۔

تاہم، جو لوگ اس وقت محکمہ میں خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کے لیے ایک رپورٹ اتھارٹی کو پیش کی جائے گی۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ این سی بی کے اعلیٰ افسران کی قائم کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے آج دہلی میں واقع این سی بی ہیڈکوارٹر میں یہ چونکا دینے والی رپورٹ پیش کی۔

یہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم آریان خان کیس میں تفتیشی افسروں پر لگنے والے ناانصافی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تھی۔
خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ میں دیگر متعلقہ اور غیر متعلقہ معاملات کی تحقیقات میں بھی خامیاں سامنے آئی ہیں۔

این سی بی کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ ’اس معاملے میں این سی بی کے 7 سے 8 افسران کا کردار مشکوک پایا گیا ہے، جس کے لیے محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’این سی بی سے باہر کے جو لوگ اس معاملے میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے سینئر افسران سے اجازت طلب کی گئی ہے‘۔

ماہرین نے اس خصوصی رپورٹ میں سامنے آنے والے نئے انکشافات کو کورڈیلیا ڈرگز کیس میں این سی بی کے لیے دوسرا بڑا جھٹکا قرار دیا ہے۔

اس کیس میں این سی بی کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا تھا جب رواں سال مئی میں آریان خان کو منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتاری کے آٹھ ماہ بعد عدالت نے کلین چٹ دے دی تھی۔