سجاد علی نے بجلی کے بحران پر مزاحیہ گانا ترتیب دے دیا

وقت بے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ نے پاکستانی گلوکاروں کا بھی جینا محال کر دیا ہے۔

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار سجاد علی نے ہر وقت کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر اس پر مزاحیہ گانا ترتیب دے دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سجاد علی نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹوڈیو میں موجود ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے بجلی کی مسلسل بندش کا شکار لوگوں کے ساتھ ہمدردی کرتے ہوئے ’لائٹ آندی اے، لائٹ جاندی اے‘ دو جملوں کو پنجابی لہجے اور سُریلے انداز میں گایا۔
ویڈیو میں ان کے ہمراہ ورسٹائل گلوکار نعمان جاوید بھی ہیں جو ان کے ساتھ سُر سے سُر ملا رہے ہیں اور گٹارسٹ حسن مہدی پرویز نے خوبصورت دھن ترتیب دی ہے۔

غالباً اس دوران انہیں بجلی کی آنکھ مچولی نے پریشان کر رکھا ہے، تبھی وہ پنجابی میں گانا شروع کرتے ہیں جسے ان کے مداح بھی خوب انجوائے کر رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین نے اس گانے کو مکمل کرکے ریلیز کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ کچھ صارفین نے اسے ’لوڈ شیڈنگ اینتھم‘ قرار دے دیا ہے۔