ٹی 20 ورلڈ کپ: سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز کو بھی اپ سیٹ شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 118 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کائیل مائیرز 20، برینڈن کنگ 17 اور ایون لوئس نے 14 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کے مارک واٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ براڈ ویئل اور مائیکل لیسک نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اوپنر جارج منسے 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کیلن میک لیوڈ نے 23 اور مائیکل جونز نے 20 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف اور جیسن ہولڈر نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز T20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔

آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 2 مرحلوں میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں 2 گروپس میں تقسیم 8 ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی جہاں 8 ٹیمیں اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی موجود ہیں۔

پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جبکہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے اور نیدرلینڈز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔