قطر: ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا رنگا رنگ پریمیئر، خوبصورت جھلکیاں

لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر شاندار پزیرائی حاصل کر لی۔

فلم کی دنیا کے تقریباً 30 سے زائد ممالک میں ریلیز کے بعد قطری حکومت کی جانب سے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کاسٹ کو دوحہ میں مدعو کیا گیا۔

دوحہ کے ’مال آف قطر‘ میں فلم کے رنگا رنگ ورلڈ پریمیئر کا انعقاد کیا گیا، جہاں شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، فلم کی اسٹار کاسٹ سے ملاقات کی اور سیلفیاں بنوائیں۔
واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستان کی اب تک کی سب سے زیادہ بجٹ والی فلم ہے۔

پاکستان میں اس شاندار فلم کو 138 سے زائد اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے تمام سنیما گھروں میں اس فلم کے شوز مسلسل چل رہے ہیں۔

بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو 30 سے زائد ممالک میں ایک ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ سیاسی صورتِ حال کی وجہ سےاس فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

اس فلم کو توقعات کے مطابق قومی اور بین الاقوامی باکس آفس پر زبردست پزیرائی مل رہی ہے۔

ایکشن سے بھرپور پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘کا مداحوں کو انتہائی بے صبری سے انتظار تھا، جو باکس آفس پر غیر معمولی کمائی کر رہی ہے۔