فواد خان اور حمزہ علی عباسی کی دلچسپ نوک جھونک

پاکستانی اسٹار فواد خان اور حمزہ علی عباسی کی آف اسکرین دوستی کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

مشہور پاستانی ہدایتکار بلال لاشاری کی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی تہلکہ مچا دیا ہے اور اب مداحوں کو بہت بے تابی سے فلم کی ریلیز کا انتظار ہے۔

فواد خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اُنہیں ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ مزاحیہ گفتگو کرتے اور اپنے مشہور ڈراموں اور فلمی کرداروں پر ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو میں اینکر دونوں اداکاروں سے ان کے پسندیدہ ناشتے کے بارے میں پوچھتا ہے، جس پر دونوں ایک ہی وقت میں جواب دے کر سیٹ کا ماحول ذرا تفریحی بنادیتے ہیں۔

فواد خان مسلسل حمزہ علی عباسی کی یہ کہہ کر ٹانگ کھینچتے نظر آرہے ہیں کہ’ فلم کا ہیرو تو میں ہوں‘۔
جس پر حمزہ علی عباسی کہتے ہیں کہ’لیکن ویلن میں ہوں‘۔

اس کے بعد فواد خان یہ کہہ کر بات ختم کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ ’فلم کا نام دی لیجنڈ آف مولا جٹ ہے، دی لیجنڈ آف نوری نہیں‘۔

واضح رہے کہ بلال لاشاری کی تخلیق فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 13 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔