نادیہ خان کے 4 گول، پاکستان ویمن کی فٹبال میں تاریخی کامیابی

ساف ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان نے مالدیپ کو ریکارڈ سات گول سے ہرادیا، نادیہ خان نے چار گول اسکور کیے، یہ پاکستان ویمن ٹیم کی گولز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔

کٹھمنڈو میں جاری ایونٹ کے تیسرے اور گروپ میچ میں پاکستان ویمنز نے مالدیپ کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان ٹیم شروع ہی سے چھائی رہی، نادیہ خان کا کھیل نمایاں رہا، جنہوں نے ایک دو نہیں بلکہ پاکستان کے لیے چار مرتبہ گیند کو جال میں پھینکا۔

ان کے علاوہ رامین فرید، خدیجہ کاظمی اور انمول ہیرا نے بھی ایک ایک گول بنایا۔

پاکستان نے مالدیپ کے خلاف مجموعی طور پر 7 گول کیے جبکہ مالدیپ کی ٹیم کوئی گول نہ بنا سکی۔

نادیہ خان کسی انٹرنیشنل میچ میں 4 گول کرنے والی پہلی پاکستانی فٹبالر بھی بن گئیں۔

خیال رہے کہ گولز کے اعتبار سے بھی یہ پاکستان ویمنز ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے۔