انتقال کے 6 ماہ بعد شین وارن کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ

آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن کی موت کے 6 ماہ بعد ان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ سامنے آ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شین وارن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے خاندان کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا۔

شین وارن کے خاندان کی جانب سے ان کے اکاؤنٹ پر شیئر ہونے والے ٹوئٹ میں شین وارن کو سالگرہ کی مبارک باد دی گئی ہے۔
پیغام میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے، ان کی عمر 52 سال تھی۔

ترجمان شین وارن نے کہا تھا کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا تھا۔

یاد رہے کہ شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں لیں، شین وارن نے 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔