بھارت: شوہر نے بیوی کا گردہ چوری کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کردیا

بھارت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے بغیر اس کی مرضی اور اجازت کے اس کا ایک گردہ چوری کروا کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشرقی بھارتی ریاست اوڑیسہ کے ایک گاؤں کوڈومیٹا کی ایک درمیانی عمر کی خاتون رنجیتا کونڈو نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر نے چار برس قبل اس کا ایک گردہ چرا کر فروخت کردیا۔

اس کے مطابق اسے حال ہی میں اس وقت اسکا پتہ چلا جب وہ پیٹ کی تکلیف کے باعث ڈاکٹر کے پاس گئی جہاں پر اسے بتایا گیا کہ اس کے جسم میں صرف ایک گردہ کام کررہا ہے۔

اس نے بتایا کہ 2018 میں اس کے گردے میں پتھری ہوگئی تھی جس پر اس کا شوہر اسے یہ بتاکر اسپتال لے گیا کہ اس کے گردے میں موجود پتھری (کڈنی اسٹون) نکلوانا ہے، جہاں اس نے اس کا ایک گردہ نکلوانے کا انتظام کررکھا تھا، تاکہ وہ اسے بلیک مارکیٹ میں فروخت کرسکے۔

خاتون کے مطابق اسے یہ اس لیے پتہ نہیں چلا کہ اسے اینستھیسیا دیا گیا تھا، اس کے مطابق شوہر پراسنت کونڈو بنگلہ دیشی شہری ہے اور وہ غیر قانونی امیگرنٹ کے طور پر رہائش پذیر تھا۔

اس نے بتایا کہ بارہ سال قبل ان کی شادی ہوئی اور ان کے دو بچے ہیں۔ اس کے مطابق دو ماہ قبل اس کا شوہر کسی اور عورت کے ساتھ فرار ہوگیا، جس کے بعد اسے مکان سے نکال دیا گیا اور اب وہ اپنے والدین کے پاس منتقل ہوگئی ہے۔