گووندا نے شاہ رخ خان کو سمجھدار ترین اداکار قرار دے دیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور کئی سنجیدہ اور کامیڈی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے گووندا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان فلم انڈسٹری کے سمجھدار ترین اداکار ہیں اور وہ ہمیشہ بالکل درست فیصلے کرتے ہیں، وہ بہت پڑھے لکھے آدمی ہیں۔

بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف کامیڈی شو کپل شرما کے ایک پرانے شو میں کپل سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ شاہ رخ نے سب سے پہلے پیار اپنے آپ سے کیا۔

یاد رہے کہ شاہ رخ اور گووندا نے کبھی بھی اکٹھے کسی فلم میں کام نہیں کیا۔

گوندا کے مطابق شاہ رخ نے فلم انڈسٹری کے ماحول اور چیزوں کے بارے میں بہت کم عمری میں سمجھنا شروع کیا، جو کہ میرے جیسا اداکار بھی نہیں کرپایا۔

تاہم گووندا کی اس گفتگو پر بہت سارے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا، ایک نے کہا، گولڈن لائن۔ سب سے پہلے پیار اپنے آپ سے کیا۔ ایک اور نے کہا کہ دونوں سیلف میڈ اور عظیم اداکار ہیں۔

یاد رہے کہ 58 سالہ گووندا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1986 کی فلم لوو 86 سے کیا تاہم بعض افراد کا خیال ہے کہ ان کی ڈیبیو فلم تن بدن ہے جو اسی سال ریلیز ہوئی۔

لوو 86 کے بعد گوندا نے پیچھے مڑکر نہ دیکھا اور اگلے چار برسوں میں چالیس فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

وہ 1980 اور 1990 کے عشرے کے صف اول کے اداکار رہے اور فلم الزام، آنکھیں، راجہ بابو، ہیرو نمبر ون، بڑے میاں چھوٹے میاں اور حسینہ مان جائیگی جیسی کامیاب فلمیں کیں۔