ایشیا کپ: فائنل مقابلوں میں کس کا پلہ بھاری؟

ایشیا کپ 2022 کی ٹرافی پاکستانی شاہینز اٹھائیں گے یا سری لنکن لائنز سپر فور کی کارکردگی دہرائیں گے؟ اس کا فیصلہ آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوجائے گا۔

سری لنکا کی ٹیم 11ویں مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے جارہی ہے جبکہ قومی ٹیم کو پانچویں مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

پاکستان ٹیم اب تک صرف دو مرتبہ یہ ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ سری لنکنز پانچ مرتبہ ٹرافی اٹھاچکے ہیں۔

لیکن اگر بات کی جائے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوئے فائنلز مقابلوں کی تو یہ مواقع صرف تین مرتبہ آئے ہیں۔

1986
اس سال ایشیا کپ کا دوسرا ایونٹ کھیلا گیا، سری لنکا سے حالات کشیدہ ہونے کے باعث بھارت نے خود کو ایونٹ سے باہر کرلیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش تیسری ٹیم کے طور پر شامل ہوئی۔

عمران خان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے گروپ اسٹیج میں اپنے دونوں میچز جیتے، تاہم اسے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس میچ میں قومی ٹیم 45 اوورز میں 9 وکٹوں پر 191 رنز بناسکی جبکہ سری لنکا نے آسان ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 43ویں اوور میں پورا کرلیا۔

2000
پاکستان اور سری لنکا 2000 میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں دوسری مرتبہ آمنے سامنے آئے۔

معین خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے گروپ اسٹیج میں اپنے تمام میچز جیتے جبکہ فائنل میں سری لنکا کو باآسانی 39 رنز سے مات دی۔
اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 277 رنز بنائے جبکہ سری لنکن ٹیم 238 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ایشیا کپ 1986 کا اپنا حساب برابر کردیا۔

2014
بنگلہ دیش میں ہونے والے 12ویں ایڈیشن میں قومی ٹیم کا، جو گزشتہ ایونٹ کی فاتح بھی تھی، تیسری مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا سے جوڑ پڑا۔

سری لنکا نے اس میچ میں قومی ٹیم کو 5 وکٹوں سے باآسانی ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنلز مقابلوں میں اپنا اسکور 1-2 کردیا۔
فائنل میں قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بناسکی، جبکہ سری لنکا نے یہ ہدف 5 وکٹوں کے ہی نقصان پر 47ویں اوور میں پورا کرلیا۔

واضح رہے کہ اب تک جتنے بھی ایشیا کپ فائنلز میں دونوں ٹیمیں مدِ مقابل آئیں وہ ون ڈے فارمیٹ پر کھیلے گئے تھے جبکہ یہ پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فائنل کھیلنے جارہی ہیں۔

دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کا فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا مجموعی طور پر چوتھا فائنل ہوگا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان 2014 کی ہار کا بدلہ لیتا ہے یا پھر سری لنکا چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہتا ہے؟