کامن ویلتھ گیمز، ریسلر انعام بٹ آج ایکشن میں ہوں گے

کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں میڈلز کی امید ریسلر انعام بٹ آج ایکشن میں ہوں گے، وہ ریسلینگ کے 86 کلوگرام کیٹیگری کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

ریسلر عنایت اللّٰہ سے بھی میڈل کی امیدیں وابستہ ہیں جبکہ ایتھلیٹ شجر عباس 200 میٹر کی سیمی فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ایتھلیٹس جمعہ کو پانچ مختلف اسپورٹس میں ایکشن میں ہوں گے، ریسلنگ میں پاکستان کے تین کھلاڑی اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

2010 اور 2018 میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ اسکاٹ لینڈ کے کیرین میلون سے مقابلہ کریں گے، یہ مقابلہ لگ بھگ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

125 کلوگرام کی کیٹیگری میں زمان انور ماریشس کے ریسلر سے معرکہ آرا ہوں گے، زمان کی باوٹ ساڑھے چار بجے تک شروع ہوسکتی ہے، جیت کی صورت میں ان کی دیگر باوٹس بشمول میڈل باوٹس آج ہی ہوں گی۔

ٹیبل ٹینس میں پاکستان کے فہد خواجہ راؤنڈ آف 32 میں انگلینڈ کے پال ڈرنکہل سے دن ساڑھے چار بجے مقابلہ کریں گے جبکہ اسکواش میں طیب اسلم اور ناصر اقبال مینز ڈبلز میں اسکاٹ لینڈ کے پیئر سے پری کوارٹر فائنل کا میچ کھیلیں گے، یہ میچ پونے پانچ بجے شروع ہوگا۔

رات کے سیشن میں گیارہ بج کر چھ منٹ پر ایتھلیٹکس میں شاٹ پٹ کے فائنل میں پاکستان کے جمشید علی ایکشن میں ہوں گے جبکہ گیارہ بج کر نو منٹ پر 200 میٹر کے سیمی فائنل میں شجر عباس اپنی پھرتی دکھائیں گے۔

رات ساڑھے گیارہ بجے بیڈمنٹن مینز ڈبلز میں عرفان اور مراد کی جوڑی بھارت کے چراغ شیٹی اور ساتوک رنکیریڈی سے پری کوارٹر فائنل میچ کھیلے گیں۔