چھاچھرو ، حاملہ خاتون کا غلط آپریشن‘ عملے نے پیداہونے والے بچے کا سرکاٹ دیا


حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں حاملہ خاتون کا غلط آپریشن‘ عملے نے پیداہونے والے بچے کا سرکاٹ دیا ‘سول اسپتال حیدرآباد میں ہفتہ کو طویل آپریشن کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے خاتون کے پیٹ میں موجود بچے کا سرنکال دیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھرپارکر کے تعلقہ چھاچھرو کے سرکاری اسپتال میں 30سالہ شریمتی جیجوزوجہ بھارو کو ڈلیوری کے لئے لایا گیاتھا ۔اسپتال کے عملے کا کہنا تھا کہ بچہ الٹاہے ‘پیدائش کے عمل کے


دوران بچے کا دھڑ باہر نکل آیا لیکن سر پھنس گیا تھا جس پر ناتجربہ کار عملے نے کہا کہ بچے کو کاٹ کر نکالا گیا تو ماں بھی مرجائے گی اس دوران عملے نے خاتون کی جان بچانے کے نام پر بچے کی گردن بلیڈ سے کاٹ دی تھی جس کے بعد دھڑ تو نکال لیا گیا لیکن سر رحم میں واپس چلا گیا تھا ۔مریضہ کی حالت نازک ہونے پر اسے ڈسٹرکٹ اسپتال مٹھی ریفر کیاگیا تھا لیکن وہاں بھی آپریشن سے منع کردیاگیا اورسول اسپتال حیدرآباد لے جانے کو کہا ۔زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا 30سالہ شریمتی جیجو کو سول اسپتال حیدرآباد کے گائنی وارڈ لایا گیا تھا جہاں ماہر ڈاکٹروں کی


ٹیم نے ہفتہ کو فوری اس کا آپریشن کرکے مردہ بچے کا سرماں کے رحم سے نکال کر زہریلے مادوں کو واش کرکے شریمتی جیجو کی جان بچالی جبکہ ورثا کا کہناہے کہ تعلقہ چھاچھرو اسپتال کے ناتجربہ کار عملے نے ڈلیوری کے دوران نومولود کوقتل کیا ہے ۔ڈی جی ہیلتھ ‘ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مٹھی اورمحکمہ صحت اس سنگین غفلت کانوٹس لیکر چھاچھرو اسپتال کے نااہل عملے کے خلاف کاروائی کرکے سزا دی جائے۔
https://e.jang.com.pk/detail/159255

================================================