موت سے چند گھنٹے قبل اینڈریو سائمنڈز سے بات ہوئی تھی: برائن لارا

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برائن لارا نے کہا ہے کہ اُن کی اینڈریو سائمنڈز سے اُن کی موت سے چند گھنٹے قبل بات ہوئی تھی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں برائن لارا نے کہا کہ ’کار حادثے سے کچھ گھنٹے پہلے ہی ہم نے میسجز پر ایک دوسرے سے بات چیت کی تھی۔‘
برائن لارا نے اینڈریو سائمنڈز کی اچانک موت پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’واقعی کیا ہو رہا ہے؟‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں پریشان اور دل شکستہ ہوں، ہم اپنے کھیل کی ایک اور مشہور شخصیت کو اتنی جلدی کیسے کھو سکتے ہیں۔‘

آخر میں برائن لارا نے اینڈریو سائمنڈز کے اہلخانہ سے دلی تعزیت بھی کی۔
واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ لیجنڈ اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کی کار کو حادثہ ٹاونزول کے قریب پیش آیا۔

46 سالہ سائمنڈز نے 198 ون ڈے، 26 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ اینڈریو سائمنڈز دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔