ممبئی کروز شپ منشیات کیس: آریان خان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، این سی بی

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف این سی بی کی اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم کو ممبئی کروز شپ منشیات کیس کی تحقیقات میں کوئی ثبوت نہیں ملا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی کروز شپ منشیات کیس میں ہونے والی پیش رفت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم(ایس آئی ٹی) کو معاملے کی تحقیقات میں آریان خان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔

ایس آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹس کے اہم نکات

1- جب آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں تو اس لیے ان کا فون لینے اور ان کی چیٹ چیک کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

2- ایس آئی ٹی کو آریان خان کی واٹس ایپ جیٹ اور میسجز سے اُن کے منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

3- کروز شپ پر چھاپے کی ویڈیو ریکارڈ شدہ نہیں تھی جوکہ این سی بی کے قوائد کے مطابق لازمی ہے۔

4- کیس میں گرفتار متعدد ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات کو سنگل ریکوری کے طور پر دکھایا گیا۔

5- آریان نے کبھی اپنے دوست ارباز مرچنٹ کو کروز پر منشیات لانے کو نہیں کہا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات مکمل نہیں ہوئی ہے اور اسے این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل ایس این پردھان کو اپنی حتمی رپورٹ پیش کرنے میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔

حتمی فیصلہ آنے سے پہلے اس حوالے سے قانونی رائے لی جائے گی کہ کیا آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہ ہونے کے باوجود بھی منشیات کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا جائے گا یا نہیں۔

سمیر وانکھیڈے کے کام کرنے کے طریقے پر سوالیہ نشان

منشیات کیس کی تحقیقات میں اس پیش رفت نے ممبئی کروز شپ میں مارے جانے والے چھاپے اور ادارے کے سابق ممبئی زونل یونٹ کے ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کے طرز عمل پر مزید سوالات اٹھائے ہیں۔

وانکھیڈے کو این سی بی سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کے پیرنٹ کیڈر یعنی ڈی آر آئی کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔

تحقیقات کے دوران ایس آئی ٹی ٹیم نے کئی بار وانکھیڈے کا بیان ریکارڈ کیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم نے اس کیس سے متعلق کئی ملازمین، گواہوں اور عینی شاہدین کے بیانات بھی لیے ہیں۔

وانکھیڈے نے گزشتہ سال 2 اکتوبر کی رات کو ممبئی کے گرین گیٹ پر واقع بین الاقوامی کروز ٹرمینل پر ایک کروز کورڈیلیا پر چھاپہ مارنےوالی این سی بی کی ٹیم کی قیادت کی تھی جس نے آریان خان اور دیگر ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

کروز سے برآمد ہونے والی منشیات

سمیر وانکھیڈے نے 2 اکتوبر 2021 کی رات کو ممبئی کے گرین گیٹ پر واقع بین الاقوامی کروز ٹرمینل پر کورڈیلیا کروز پر اپنی ٹیم کے ساتھ کئی گھنٹوں تک چھاپہ مارا۔

این سی بی نے وہاں سے 13 گرام کوکین، 5 گرام میفیڈرون، 21 گرام گانجہ، ایم ڈی ایم اے (ایکسٹیسی) کی 22 گولیاں اور 1.33 لاکھ روپے نقد برآمد کیے ہیں۔

اس کے علاوہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ایجنسی نے کروز سے 14 افراد کو گرفتار کیا اور کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد آریان خان، ارباز مرچنٹ اور منم دھامیچا کو 3 اکتوبر کی دوپہر کو گرفتار کرتے دکھایا گیا۔

اس کے بعد آہستہ آہستہ اس معاملے میں مزید 17 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

کروز شپ ڈرگز کیس کا پس منظر

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیاتھا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹ سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔
این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

آریان خان کے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست کو ممبئی کی سیشن کورٹ کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا، جس کے بعد آریان خان کی ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

جس کے بعد ممبئی ہائیکورٹ نے آریان خان کو ضمانت پر رہائی دینے کا حکم دے دیا تھا لیکن ساتھ ہی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔

اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔