شاہین شاہ کا محمد رضوان کے گلے لگانے کی ویڈیو پر ردعمل

پاکستان سُپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کے گلے لگانے کی وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے رضوان کو ’رول ماڈل‘ قرار دے دیا۔
گزشتہ روز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان میچ میں جب شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کررہے تھے تو لاہور قلندرز کے کپتان نے رن آؤٹ کرنے کے لیے غصے میں انہیں ڈرایا۔

شاہین شاہ کے غصے کےجواب میں محمد رضوان نے غصہ کرنے کے بجائے اشارہ کیا کہ آجاؤ گلے لگتے ہیں، اور تصوراتی طور پر انہیں ہنستے ہوئے گلے بھی لگایا۔

محمد رضوان کے اس عمل نے جارح مزاج شاہین شاہ کو بھی مسکرانے پر مجبور کردیا تھا۔

اب اس وائرل ویڈیو پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’میں اس بندے کی انتہائی عزت اور تعریف کرتا ہوں، محمد رضوان کے ساتھ ٹیم میں ہونا، یا حریف کے طور پر ہونا ہمیشہ خوشی کی بات ہے۔ ‘
لاہور قلندرز کے کپتان نے لکھا کہ ’محمد رضوان نے سب کے لیے شائستہ اور دوستانہ معیار قائم کیا ہے، بلاشبہ رضوان میرے لیے ایک ’رول ماڈل‘ ہیں۔‘