سعودی عرب میں آئی ٹی کمپنیوں کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش LEAP کا آغاز ہوگیا جس میں دنیا بھر کی آئی ٹی کمپنیوں سمیت پاکستان سے بھی کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں.

ریاض (ثناء بشير )

سعودی عرب میں آئی ٹی کمپنیوں کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش LEAP کا آغاز ہوگیا جس میں دنیا بھر کی آئی ٹی کمپنیوں سمیت پاکستان سے بھی کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں.

سعودی دارالحکومت ریاض میں شروع ہونے والی سہہ روزہ LEAP آئی ٹی نمائش میں دنیا کے تقریباً نوے ممالک سے آئی ٹی کی سینکڑوں کمپنیاں شریک ہیں جن میں چالیس پاکستانی کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں جو کہ اس نمائش کا سب سے بڑا حصہ ہیں. ان چالیس کمپنیوں میں پچیس آئی ٹی فرمز اور پندرہ سٹارٹ اپ کمپنیاں شامل ہیں.

پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے پویلین کا افتتاح سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے کیا اور پاکستانی کمپنیوں کے سٹالز کا جائزہ لیا اور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کو نمائش کا حصہ بننے پر سراہا اور کہا کہ اس سے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی کمپنیاں بہتر انداز میں متعارف ہونگی اور جس طرح پاکستان انفارمیشن ٹیلنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے اس سے پاکستان کے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا اور ہماری آئی ٹی انڈسٹری فروغ پائے گی.

سفیرِ پاکستان نے نمائش میں شریک پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور سعودی حکام کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کو بھی سراہا اور مزید کہا کہ اس سے سعودی عرب سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ آئی ٹی کے شعبے میں تعاون بڑھے گا اور پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی مقبولیت بھی بڑھے گی.

پاکستان کے تجارتی مشن نے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے ایونٹ میں دو پویلین قائم کئے ہیں جو کہ اس نمائش میں شریک افراد کے لئے انتہائی توجہ کا مرکز ہیں.

نمائش کے افتتاح کے موقع پر ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں وزیر تجارت و سرمایہ کاری اظہر علی داہر نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی کمپنیاں اتنی بڑی تعداد میں سعودی عرب میں منعقد ہونیوالی عالمی نمائش میں شرکت کر رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لئے اس نمائش کے ذریعے اپنی برآمدات کو بڑھانے اور مشرق وسطیٰ سمیت عالمی سطح پر مارکیٹ میں روابط قائم کرنے کا ایک شاندار موقع ہے، پاکستانی کمپنیاں مملکت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑے مواقع تلاش کریں اور سعودی ویژن 2030 سے ​​فائدہ اٹھائیں جس سے مملکت کے مختلف شعبوں میں 400 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری متوقع ہے.

سعودی دارالحکومت میں جاری اس نمائش کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں سعودی اور غیرملکی شہری دلچسپی لے رہے ہیں، لیپ نمائش میں دنیا بھر سے 400 سے زائد ماہر مقررین بھی حصہ لے رہے ہیں جو ٹیک فرموں کے نمائندوں اور نمائش میں شریک افراد کو عالمی تکنیکی ترقی کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے، LEAP آئی ٹی نمائش تین فروری تک جاری رہے گی.