– ( ) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے کاروائی کرکے ڈسٹرکٹ ویسٹ منگوپیر میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور متعدد پانی کے تالاب مسمار کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ اور ایچ ٹی ایم ڈویژن نے مشترکہ آپریشن کرکے ڈسٹرکٹ ویسٹ منگوپیر میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور متعدد پانی کے تالاب مسمار کر دیے، آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل انچارج واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں ہؤا، آپریشن میں متعلقہ ڈویژن ایچ۔ٹی۔ایم کے افسران و عملہ موجود تھا، انچارج اینٹی تھیفٹ سیل کا کہنا تھا جہاں سے ملزمان واٹر بورڈ کی 48 انچ پانی کی لائن سے 2 انچ کے متعدد غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے بلدیہ ٹاؤن کا پانی چوری کرکے غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی کے تالاب میں پانی جمع کرکے ٹینکروں کے ذریعے مختلف ایریاز میں فروخت کرتے تھے وہ غیر قانونی کنکشن منقطع اور غیر قانونی پانی کے تالاب مسمار کردیئے ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ کاروائی کے دوران 4 ٹینکرز، جنریٹرز، پمپس اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے جائینگے، اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے انکو قانون کی گرفت میں لایا جائے، دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائینگے۔