ہمدرد پاکستان ادارہ نہیں بلکہ فکر انسانی کی تحریک ہے(سعدیہ راشد)

ہمدرد پاکستان ادارہ نہیں بلکہ فکر انسانی کی تحریک ہے(سعدیہ راشد)
ہمدردپاکستان کا تشخص معاشرے میں علم و صحت کافروغ ہے(ڈاکٹر ارشد سلیم)
ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کی تقریب رونمائی

ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کے افتتاح کی پُروقار تقریب رونمائی گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں منعقد کی گئی ، جس میں ہمدرد پاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت کی۔دیگر شرکاء میں ہمدرد لیباریٹریز کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد صاحبہ، چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم صاحب، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن صاحب سمیت ہمدرد پاکستان کے تمام ذیلی اداروں کے اعلیٰ عہدیداران شامل ہیں۔تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ بزنس ڈولپمنٹ سید فیض اللہ جوادصاحب نے انجام دئیے۔تقریب رونمائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد حفیظ نے حاصل کی۔
سید فیض اللہ جواد نے نئی کارپوریٹ تھیم کا مرکزی خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد پاکستان نے کارپوریٹ مسابقت کے دور میں بھی اعلیٰ معیار اور احسن انتظامی اقدامات کی بدولت ملک کے شعبہ صحت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ہمدرد پاکستان کا سماج سے قلبی تعلق ممتاز شخصیت شہید حکیم محمد سعید کی وجہ سے قائم ہوا ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی اگلی نسلوں میں اس پہچان کو کامیابی سے منتقل کریں۔ اس پہچان کو مزید مضبوط کرنےکے لیے شہید حکیم محمد سعید کے پیغام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکمت اور طب یونانی کو نئی نسل سے از سر نو متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔
ہمدرد صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ اندازِ فکر ہے۔ ہمدرد جب سے قائم ہوا تب سے خیر و عافیت کا داعی رہا ہے۔ اس لیے خیر و عافیت کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے تاکہ جب بھی ہمدرد کا ذکر آئے تو ہمارے صارفین کے ذہنوں میں سلامتی خیر اور عافیت کی تصور اُبھرے۔گوکہ ہمدرد کے پاس ملک کی فلاح کے لیے مربوط وژن ، کارگر حکمت عملی اور ایک منظم انتظامی سسٹم موجودہے ،تاہم آج ہمدرد کے پیغام کو مزید مؤثر انداز میں ملک کے طول و عرض میں پہنچانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے ایک نئی تھیم کی ضرورت محسوس ہوئی جوہمدرد کے حقیقی پیغام کی درست ترجمانی کرے۔
محترمہ سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمدرد پاکستان کا منتہائے مقصود تجارت برائے خدمت و عبادت ہے۔ اس مقصد سے انحراف کسی صورت ممکن نہیں ، کیونکہ ہمدرد پاکستان کی اقدار و مقصدیت کا تعین خود بانی ِ ہمدرد پاکستان، شہید حکیم محمد سعید نے کیا ہے ، جن کی اپنی حیات رفاہی خدمات سے عبارت ہے۔ اُن کی تربیت و افکار کی روشنی میں آج بھی سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہمدرد پاکستان کا طرہ امتیاز ہے۔
ہمدرد پاکستان محض ایک ادارہ نہیں بلکہ فکر ِ انسانی کی ایک ایسی تحریک ہے جس کا مقصد خیر و عافیت ہے۔اس لئے اس کے پیغام کو نہ صرف ہمدرد کے بنیادی فلسفے کی عکاسی کرنی چاہیے بلکہ ہمدرد کا پیغام اپنے معنوی اعتبار سے ہمدرد کے ہر شعبے کی نمائندگی کرتا ہو۔ ہمدرد کی نئی کارپوریٹ تھیم کے پیغام میں ہمدرد کے بنیادی فلسفے کی عکاسی ہوتی ہے۔
ڈاکٹر ارشد سلیم نے کہا کہ ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کو متعارف کروانے کا مقصد ہمدرد پاکستان کے بانی شہید حکیم محمد سعید کے افکار اور قیام ِہمدرد کے اغراض و مقاصد کا ازسر نو عزم کرنا ہے۔ حکمت کی اہمیت و عظمت کو معاشرے میں نئے سرے سے اُجاگر کرنا ہے۔ ہمدردمعاشرے میں علم و صحت کا پیغام ہے، یہی اس کا ادارہ جاتی تشخص ہے۔ اس تشخص و پہچان کی ہمیں معاشرے میں جدید طرز کی تشہیر کرنی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ہم معاشرے میں بہتری کی اپنی ذمہ داری سے کامیابی سے عہداں براں ہوسکتے ہیںاور حکمت کی تعمیر و ترویج سے ہم ملک میں درپیش صحت کے مسائل کو کم کرسکتے ہیں۔ مغربی دنیا میں طب یونانی سے رجوع نہیں کیا جاتا، سارا زور جدید ادویہ سازی پر ہے۔ اس کے باوجود مغربی دنیا میں صحت کے مسائل بتدریج بڑھتے جارہے ہیں۔ حکمت کی افادیت و آگاہی دنیا بھر تک پہنچانا ہمدرد پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
پروگرام کے اختتام پرکیک کاٹنے کا اہتمام کیا گیا، جس میں محترمہ سعدیہ راشد،ہمدرد کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نوید الظفرصاحب او ر ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن کو دعوت دی گئی۔محترمہ سعدیہ راشد نے کیک کاٹ کر نئی کارپوریٹ تھیم کا باضابطہ افتتاح کیا۔بعد ازاں تقریب میں موجود ہمدرد کے کارکنان نے مدینۃ الحکمہ، بیت الحکمہ لائبریری میں قائم ادارہ سعید (حکیم محمد سعید میوزیم) کا دورہ کیا ،جہاں شہید حکیم محمد سعید کے زیر استعمال ذاتی اشیاء و سامان رکھا گیا ہے۔

———————————————————————————————————-


کیپشن

ہمدرد پاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد، چیف آپریٹنگ آفیسرڈاکٹر ارشد سلیم اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ سید فیض اللہ جواد ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کی تقریب رونمائی میں بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں اظہار ِ خیال کررہےہیں۔ جبکہ دوسری جانب محترمہ سعدیہ راشد نے کیک کاٹ کر نئی کارپوریٹ تھیم کا باضابطہ افتتاح کررہی ہیں ۔اس موقع پر ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن او ر ہمدرد کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نوید الظفربھی موجود ہیں۔