الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلاء میں راکٹ بھیجنے والی کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلاء میں راکٹ بھیجنے والی کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک مرتبہ پھر امیزون کمپنی کے مالک جیف بیزوس سے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز چھین لیا ہے۔ جمعہ کو شیئرز مارکیٹ میں ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں تین فیصد اضافے (فی شیئر 843.03؍ ڈالرز) کے بعد ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔ کار ساز کمپنی ٹیسلا نے سال کے آغاز سے اب تک 20؍ فیصد منافع کمایا ہے۔ نیا اعزاز ملنے کے بعد کے اعداد و شمار کے مطابق، ایلون مسک کے اثاثہ جات کی مالیت 236؍ ارب ڈالرز ہوگئی ہے جبکہ جیف بیزوس کے اثاثے 196؍ ارب ڈالرز ہیں۔ ٹوئٹر پوسٹ میں ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایلون مسک کے اثاثہ جات بل گیٹس اور وارن بفے کے مشترکہ اثاثوں کے مساوی ہیں۔ اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں ایلون مسک نے امید ظاہر کی کہ اُن کے اثاثے اور دولت انسان کو مریخ تک پہنچانے کیلئے کافی ثابت ہوں گے۔ فوربز کی رپورٹ کے مطابق، صرف ایک سال میں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک کے اثاثوں میں 60؍ ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

https://jang.com.pk/news/1000144?_ga=2.18565936.888914328.1634520310-1530538499.1634520307