ڈاکٹر عبدالقدیر خان کرکٹ کے شوقین تھے: وسیم اکرم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کرکٹ کے شوقین تھے۔

وسیم اکرم نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا۔
سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا سُن کر بہت دکھ ہوا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا جو ملک کے دفاع کے لیے بہت ضروری تھا۔‘

وسیم اکرم نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقاتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈاکٹر صاحب ہمیشہ اچھی طرح ملتے تھے اور کرکٹ کے شوقین تھے۔‘
آخر میں وسیم اکرم نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت کے لیے دُعا بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو گزشتہ روز صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال گزشتہ روز صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ہوا، ان کی کچھ عرصے سے طبیعت ناساز تھی۔