پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی سندھ بھر میں صحافیوں کی تمام پریس کلبوں سمیت تمام یونین آف جرنلٹس سمیت صحافیوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے جو کام کئے جارہے ہیں اس کی مثال دیگر صوبوں میں نہیں ملتی۔ ہم آزادی صحافت کے حامی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ صحافی کھلی فضا میں بے خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ریجنل صحافیوں کے مسائل کو حل کرنا بھی ہماری اولین ترجیع ہے اور انشاء اللہ ان کے تمام جائز مسائل اور مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان (آر یو جے) کے مرکزی جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل کی سربراہی میں چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفد میں آر یو جے کے مرکزی رہنماء شہزاد حسین نقوی، صوبائی جنرل سیکرٹری زخمی رشید مہر اور رابطہ سیکرٹرین رانا عبداللہ سرور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آر یو جے کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں ریجنل صحافیوں کو درپیش مسائل بالخصوص صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء، انہیں صحت اور تعلیم کے مسائل اور صحافیوں کی رہائش کے لئے اقدامات پر زور دیا۔ وفد کے سربراہ عابد حسین مغل نے صوبائی وزیر سعید غنی کو بتایا کہ اس وقت صوبہ سندھ میں ریجنل سطح پر صحافیوں کے مسائل کے حل کی واحد امید آپ ہیں اور ہمیں پھرپور امید ہے کہ آپ کی وزارت میں ماضی میں بھی صحافیوں کو ہمیشہ سہولیات کی فراہمی کی جاتی رہی ہے اور اب بھی انشاء اللہ ریجنل سطح کے صحافیوں کی آپ بھرپور نمائندگی کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری زخمی رشید مہر نے صوبائی وزیر کو آر یوجے کے تحت دسمبر میں ریجنل کنوینشن میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ملک کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب جب پیپلز پارٹی برسر اقتدار آئی اس نے صحافیوں کے مسائل کو اولین ترجیع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں صحافیوں کو آزادی رائے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور آزادی صحافت ہے اور صحافیوں کی مشکلات اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبہ سندھ میں ریجنل سطح پر صحافیوں کو جو جو مسائل درپیش ہیں اس کا نہ صرف ازالہ کیا جائے گا بلکہ ان صحافیوں کو مکمل طور پر ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔  
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر آر یو جے کے مرکزی رہنماء شہزاد حسین نقوی، صوبائی جنرل سیکرٹری زخمی رشید مہر اور رابطہ سیکرٹرین رانا عبداللہ سرور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے
جاری کردہ: زبیر میمن، میڈیا کنسلٹینٹ، وزیر اطلاعات و محنت سندھ، سعید غنی، فون 03333788079