قوم کی تشکیل تعلیم سے ممکن ہے اور تعلیم کے لئے ملک میں ایک قومی نصاب ضروری ہے: کرنل مختار بٹ ، علامہ اقبال نئی نسل کو ملک کی اساس سمجھتے تھے: سعدیہ راشد

ماہانہ ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا اجلاس
ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا ماہانہ اجلاس “تو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوںمیں”کے موضوع پر گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم ، مدینتہ الحکمہ میں منعقد کیا گیا ، جس کے مہمان خصوصی معروف تجزیہ کار اور صحافی کرنل (ر) مختار احمد بٹ تھے۔ ہمدرد فاﺅ نڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد ، ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن اور رجسٹرار پرویز احمد میمن صاحب نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ہمدرد ولیج اسکول کے طالب علم محمد زید نے حاصل کی، نعت رسول ﷺ ہمدرد پبلک اسکول کی طالبہ اروہ غوری نے پیش کی۔
کرنل (ر) مختار احمد بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کی تشکیل تعلیم سے ہی ممکن ہے جس کے لئے ملک میں یکساں قومی نصاب ضروری ہے۔ آج ۴۷سال ہوگئے لیکن ابھی تک قومی نصاب تیار نہیں کیا جا سکا ۔ جب پاکستان قائم ہوا تب پورے ملک میں ایک ہی نصاب تھا۔ اس لئے ۵ءکی جنگ میں لوگوں کا جذبہ دیدنی تھا کیونکہ اس وقت ہم ایک قوم تھے۔شہید حکیم محمد سعید ، علامہ اقبال کے تصور شاہین کا عملی نمونہ تھے۔ انہوں نے ویران علاقے میں علم کا شہر مدینتہ الحکمہ قائم کرکے پورے علاقے کو آباد کردیا ہے۔ ہمدرد ولیج اسکول کا قیام ایک عظیم قومی خدمت ہے ، جو شہید حکیم محمد سعید کا احسان ہے ۔ آج ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا کا غلط استعمال بڑھتا جارہا ہے ۔ اس کی وجہ سے ہماری نئی نسل اپنی اقدار سے دور ہورہی ہے ۔ ہمدرد نونہال اسمبلی میں بچوں کا اعتماد ، حب الوطنی دیکھ کر بہت مسرت ہوئی۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے بزم نونہال کے نام سے جس فورم کی بنیاد اگست ۵۸۹۱ میں رکھی تھی ۔ وہ بزم آج بھی نونہال اسمبلی کے نام سے نونہالانِ وطن سے اپنا رشتہ جوڑے ہوئے ہے۔ وطن کے نونہالوں کی حوصلہ افزائی ، کردار سازی اور قائدانہ صلاحتوں کو جاگر کرنا ادارہ ہمدرد کی بنیادی اقدار میں سے ایک ہیں۔ یہ اقدار خود شہید حکیم محمد سعید نے قائم کی ہیں اور ہم ان کی فکر و فلسفہ پر عمل پیرا ہیں۔
علامہ ڈاکٹر محمد اقبال امت کا مستقبل نوجوان نسل کی فکری کردار سازی میں دیکھتے تھے۔وہ سمجھتے تھے کہ نئی نسل زمانے کی بڑھتی ہوئی رفتار کے ساتھ ترقی کا سفر خوش اسلوبی اور جانفشانی سے طے کرسکتی ہے ، اسی لیے وہ اپنے اشعار میں تو اتر میں سے نئی نسل سے مخاطب رہے۔
اسمبلی کی تقریب سے نونہال مقررین فضا بشیر (ہمدرد ولیج اسکول) اور سید محمد مدثر (ہمدرد پبلک اسکول پرائمری سیکشن ) نے خطاب کیا ۔ اجلاس کی اسپیکر کے فرائض ہمدرد پبلک اسکول کی طالبہ عیشل رضواننے انجام دئیے جبکہ قائدایوان لائبہ ارسلان اور قائد حزب اختلاف کامران احمد صدیقی تھے ۔
اجلاس میں ہمدرد پبلک اسکول اور ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ حافظ ریان حسین غوری، قادر بخش ، زویہ انعام ، یاسمین، زبیر فہد قریشی اور ساتھیوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ اس موقع پر ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ٹیبلو تیا ر کیا ۔ تقریب کے اختتام پر نونہالوں نے دعائے سعید پیش کی جس کے بعد مہمان خصوصی کرنل (ر)مختار احمد بٹ، محترمہ سعدیہ راشد نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے ولے نونہالوں میں انعامات تقسیم کیے ۔