بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی سوڈان میں تحقیقی ادارہ قائم کریگا سوڈانی تحقیقی ادارے اور بین الاقوامی مرکز کے درمیان معاہدہ، پروفیسر اقبال چوہدری کا بین الاقوامی مرکز میں خطاب پروفیسر اقبال چوہدری اورسوڈانی پروفیسرزینب عبدالرحیم نے آن لائن اجلاس میں اس معاہدے پردستخط کیے

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورسوڈان کے تحقیقی ادارے نیشنل سینٹر فار ریسرچ، خرطوم کے درمیان منگل کو آن لائن اجلاس کے دوران ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینے کے ساتھ معاشرتی و معاشی ترقی کی افزائش کرنا ہے، معاہدے کے تحت بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی نیشنل سینٹر فار ریسرچ، خرطوم، سوڈان میں ادویاتی پودوں پر تحقیق کے لئے تحقیقی ادارہ قائم کریگا۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور نیشنل سینٹر فار ریسرچ، خرطوم کی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر زینب عبدالرحیم نے ایک آن لائن اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔پاکستان ایمبیسی خرطوم میں چارج ڈی افیئرز عبدالواحد عباسی اور سوڈان ایمبیسی اسلام آباد میں چارج ڈی افیئرز مروا کمال نے اس آن لائن اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی اورنیشنل سینٹر فار ریسرچ خرطوم کے متعدد اسکالرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل شعبہ جات میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی دنیا کا نمایاں تحقیقی ادارہ ہے جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے ماہرین تحقیقی امور سے جڑے ہوئے ہیں، اس ادارے میں جدیدتر تحقیقی سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک تقریباً ایک جسیے مسائل رکھتے ہیں لہذا یہاں کے ماہرین کو چاہیے کہ وہ معاشرتی و معاشی ترقی کی افزائش کے لئے کام کریں، انہوں نے کہا نیشنل سینٹر فار ریسرچ سوڈان میں تحقیقی ادارے کے قیام سے دونوں ممالک میں نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں مزید ترقی ہوگی۔ واضح رہے کہ نیشنل سینٹر فار ریسرچ دراصل13 ریسر انسٹی ٹیوٹ پر مبنی سوڈان میں سائینس اور کمیونی کیشن کی وزارت کا معروف تحقیقی ادارہ ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے ادارے ماہرین، پروجیکٹس اور تعلیمی پروگرام کا باہمی تبادلہ بھی کریں گے۔ دونوں ادارے متعلقہ شعبہ جات میں انسانی وسائل کی بہتری کے لئے بھی مشترکہ کام کریں گے۔