عمران خان کو اقتدار میں لانے والے خود بھی پریشان ہیں:مخدوم جاوید ہاشمی

نااہل مزید اقتدار پر رہے توعوام کا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا:بھیج پیر جٹا سے گفتگو
ملتان () عمران خان کو اقتدار میں لانے والے خود بھی پریشان ہیں عمران کی فسطائی اورآمرانہ سوچ، رویے اورکردارکی سزا پاکستان کے عالمی امیج کی تباہی کی صورت مل رہی ہے،مذہبی وسیاسی قیادت متحد نہ ہوئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے صدر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ملک کے داخلی،خارجی،سیاسی،سماجی،معاشی حالات اور باہمی دلچسپی کے امو ر پر تبادلہ خیال ہوا، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ قو م 2018 سے پہلے والے پاکستان کی صورتحال کو ذہن میں رکھیں اور 2018 کے بعد موجو دہ حکمرانو ں نے اقتدار میں آ کر جو ملک و قوم کا حشر نشر کیا اس کو بھی ذہن میں رکھیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ڈی ایم کے کامیاب جلسے نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ عوام مسلم لیگ ”PDM“ کی طرف دیکھ ر ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک نااہل حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔ نااہل مزید اقتدار پر رہے توعوام کا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فی الفور حل کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں جو حشر نشر امریکا، نیٹو اور بھارت کا ہوا ہے اس سے سبق حاصل کیا جانا چاہیے۔ ایمان کی طاقت کے سامنے دنیا کی کوئی سپر پاور ٹک نہیں سکتی۔