نیا ناظم آباد میں COVID ویکسینیشن مہم کا آغاز

کراچی26 جون2021: نیا ناظم آباد کی انتظامیہ نے محکمہ ء صحت حکومت سندھ کے تعاون سے اپنے ا حاطے کے اندر علی حبیب میڈیکل سینٹر میں ایک نیا COVID-19 ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا ہے۔اس موقع پر نیا ناظم آباد کے سی ای او،صمد حبیب نے کہا کہ” ہمیں نیا ناظم آباد اور آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں کوویکسینیشن تک رسائی آسانی سے فراہم کرنے پر خوشی ہے۔یہ نیا ویکسینیشن سینٹر سیفٹی کے بارے میں ہمارے عزم کا اعادہ کرتا ہے،اس سے ہمارے رہائشیوں اور پوری کمیونٹی کو مزید آسانی بھی حاصل ہو گی۔اس اہم کاوش میں اشتراک عمل پر ہم حکومت سندھ اور علی حبیب میڈیکل سینٹر کا شکریہ ادا کرتے ہیں “۔

کوئی بھی شخص یہاں آ کر ویکسین لگوا سکتا ہے اور اس کے لیے پہلے سے وقت طے کرنا ضروری نہیں ہے۔18 سال یا اس سے زیادہ عمرکا کوئی بھی شخص باآسانی ویکسین لگوا سکتا ہے۔صمد حبیب نے مزید کہا کہ سماجی طور پر ایک ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کی حیثیت سے اپنی کمیونٹی اور اس کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کی صحت اور بہبودکو بہتر بنانے کا عزم وہ جذبہ ہے جو ویکسینیشن کے لیے نیا ناظم آباد کی بھرپور کوششوں میں تیزی پیدا کرتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر غربی سلیم اللہ اوڈھو نے26 جون 2021 کوعلی حبیب میڈیکل سینٹر کی انتظامیہ کے ساتھ اس فیسلٹی کا دورہ کیا۔اس موقع پر انھیں ویکسینیشن مہم کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔انھوں نے ویکسینیشن سینٹر کے قیام کے لیے انتظامیہ کی کوششوں اور انتھک محنت کی تعریف کی۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورت حال دوسرے صوبوں سے مختلف ہے،اسی لیے حکومت سندھ کو بعض پابندیاں عائد کرنی پڑیں۔