تحقیق اور جدت پر مبنی معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے مہارت اور تجربات کے تبادلہ کیلئے جامعات کے مابین شراکت کار کو فروغ دینے پر زور


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو درپیش سائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالہ سے چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے جامعات میں تحقیق اور جدت پر مبنی معیاری تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کے مطابق طلباء کو تیار کیا جائے۔ اس سلسلہ میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر جامعات کے مابین اشتراک کار کو فروغ دیا جائے۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز)
کے متعلق بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ لمز کے ریکٹر شاہد حسین نے صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر لمز ڈاکٹر ارشد احمد، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین احمد وانی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام بھی موجود تھے۔ لمز کے ریکٹر نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے لمز کی خدمات اور کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ملک کے دوردراز علاقوں اور معاشرے کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کی سہولت کیلئے آن لائن تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ جامعات ای لرننگ کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کریں، اس سے کورونا وبا کے دوران تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تحقیق اور جدت پر مبنی معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے مہارت اور تجربات کے تبادلہ کیلئے جامعات کے مابین شراکت کار کو فروغ دینے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے ہائر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ جامعات کے مسائل کے حل کیلئے تعاون اور روابط کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں تعلیم کے فروغ کو بڑی اہمیت دیتی ہے، اس سلسلہ میں احساس انڈرگریجویٹ سکالر شپ پروگرام کے تحت 50 ہزار سکالر شپس کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے لمز کی خدمات کو سراہا
https://dailyausaf.com/pakistan/news-202106-109792.html