چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز مڈل ایسٹ چیپٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا

ریاض ( ناظم علی عطاری ) چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز مڈل ایسٹ چیپٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ نے صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول کے لئے حکومت سے تعاون کے اس شاندار مشن پر ایپس کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔انہوں نے فرنٹ لائن فزیشنز کو اپنی زندگیوں کی قربانی دینے کے لئے ان کی گرانقدر ہمت اور بہادری کو سراہا۔انہوں نے تنظیم کے اس مقدس مشن میں تعاون اور معاونت کی بھرپوریقین دہانی بھی کرائی۔جدہ میں ہونے والے اس گرینڈ ورچوئل اجلاس کا انعقادایپس مڈل ایسٹ چیپٹر نے کیا تھا جس میں دنیا کے تقریبا 20 سے مختلف ملکوں سے پاکستانی ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔اجلاس کی میزبانی ڈاکٹر آفان اور ڈاکٹر ارم نے کی۔تقریب کا آغاز میں دوملی نغموں پیش کئے گئے جس نے اجلاس کے شرکاء میں جوش و ولولہ پیدا کر دیا۔ اجلاس کا باضابطہ آغاز ڈاکٹر اے مومن نے خوبصورت قرات سے کیا اورروحانی طور پر شرکاء کو سرشار کیا۔ایپس یوکے کے چیف ایگزیکٹو افسر اور بانی ڈاکٹر اے حفیظ نے افتتاحی خطاب میں تنظیم کے 16 سال کے سفر پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ایپس کے پاکستان میں بہت سے منصوبوں جیسے مفت اوپی ڈیز اور موبائل ہیلتھ یونٹس کی کامیابیوں اور خدمات کو تفصیل سے بیان کیا۔سی او اے کے افتتاحی کلمات کے بعد اجلاس کےمہمان خصوصی سینیٹ چیئر مین صادق سنجرانی نے ایپس مڈل ایسٹ چیپٹر کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔
بعد میں ایپس یورپ کے بانی اور صدر ڈاکٹر عبدالرحمن شاہد نے دنیا بھر سے تمام پاکستانی ہیلتھ کیئر ورکرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے انہیں باہم منسلک کرنے کا وژن پیش کیا۔انہوں نے زیر تکمیل ایپس کے نرسنگ اور ہسپتال کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔


اجلاس کے دوران ایپس مڈل ایسٹ کے بورڈ ممبران ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈاکٹر جمال سید اور ڈاکٹر نگہت آفتاب نے اپنے خطاب میں تنظیم کی حمایت کی اور اسے اہم فورم قرار دیا۔مشرقی وسطی میں پاکستان کے معزز سفیروں نے بھی اس نئی تنظیم کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پاکستان میڈیکل کونسل کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی بھی شریک ہوئے انہوں نے اجلاس کو پی ایم سی کے نئے قواعد آن لائن رجسٹریشن، بائیومیٹرک نظام کے آغاز اور دنیا میں آن لائن امتحانات کا انعقاد سے آگاہ کیا۔ایپس مڈل ایسٹ کے صدر ڈاکٹر محمد وقار سعید نے تنظیم کے مقاصد اور وژن پر تفصیل سے بات کی۔انہوں نے اس دلچسپ امر کا اظہار کیا کہ تمام فزیشنز یہاں ایک واحد حروف تہجی “پی” کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ پی سے پاکستان،فزیشنز، پیٹریاٹزم، پرپزفل لائف اور پے بیک بنتا ہے۔انہوں نے کہا تنظیم کا مقصد ان پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی پروفیشنلز کی رہنمائی کے ساتھ ان کی حمایت کرنا ہے جو مشرق وسطی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے صحت کے نظام اور بہت سے دوسرے تعلیمی اور بہبود کے منصوبوں میں شرکت کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی بھی کی۔اجلاس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔انہوں نے ایپس کے کام کی تعریف کی اور ہیلتھ کیئر ورکرز کے درمیان سیکھنے کے فاصلاتی نظام کے تصور کو سراہا۔اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ایپس یورپ کے بانی صدر ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ ایپس کی تاریخ میں یہ کامیابی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے تنظیم کی حمایت میں بیانات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم ہاتھ ملا کر چلنے والے پاکستانی ڈاکٹروں اور اس سے متعلق ہیلتھ ورکرز کی حمایت جاری رکھے گی ۔
سعودی عرب جدہ سے پاکستان قونصل جنرل خالد مجید نے اس اجلاس میں اپنا اظہار خیال کرتے ہوے ایپس میڈل ایسٹ کی تعریف کی اور مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی اور مزید کہا کہ اس سے پاکستانی ڈاکٹرز مستفید ہونگے ۔
پاک اوورسیز میڈیا فورم سعودی عرب اور پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کو ایپس مڈل ایسٹ چیپٹر کا میڈیا پاٹنر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔