بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں اپنے عزیزوں کے لیے گاڑی خریدنے کی اسکیم ’روشن اپنی کار‘ لانچ کردی گئ

اسکیم کے تحت روشن ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی شہری اب بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستانی بینکوں سے ڈیجیٹل طریقے سے گاڑی خرید سکیں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کے مطابق ’اس طرح سے خریدی گئی گاڑی کی نہ صرف ڈیلیوری جلدی ہو گی بلکہ اس کی شرح سود بھی کم ہو گی۔‘
اس سلسلے میں پاکستان میں تمام کاریں بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کر لی گئی ہے اور متعدد بینکوں کی ویب سائٹس پر اس حوالے سے فارم بھی دستیاب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر کے مطابق ’کچھ عرصہ قبل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وہیں سے پاکستان میں اکاؤنٹ کھولنے کی اسکیم شروع کی گئی تھی جسے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا نام دیا گیا تھا، اس اسکیم کو بے حد پزیرائی ملی ہے اور اب تک اس کے ذریعے ایک ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی جا چکی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ان اکاؤنٹس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے کار اسکیم لانچ کی ہے، جس کے تحت بیرون ملک رہتے ہوئے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر بینک فائنانسنگ کے ذریعے اپنے پیاروں کے لیے ایسے ہی کار حاصل کر سکتے ہیں جس طرح پاکستان میں بینک سے قسطوں پر کار حاصل کی جاتی ہے۔‘
اس اسکیم کے تحت نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ بینکوں سے کار خرید سکیں بلکہ ایسا کرنے پر انہیں وہ اضافی سہولیات بھی دی جا رہی ہیں جو پاکستان سے گاڑی خریدنے والوں کو بھی نہیں ملتیں۔ مثلا پاکستان میں گاڑی خریدتے وقت بینک کو جو منافع یا سود ادا کرنا پڑتا ہے روشن اپنی کار کے تحت اس سے کم شرح رکھی گئی ہے، اس طرح اگر پاکستان میں گاڑی بکنگ کے بعد تین ماہ میں ملتی ہے تو اس اسکیم کے تحط ڈیڑھ ماہ میں ملے گی، اسی طرح اس اسکیم کے تحت گاڑی کی انشورنس بھی کم کی جائے گی۔
 اسٹیٹ بینک  کے ترجمان کے مطابق ’اس سلسلے میں کاریں بنانے والی کمپنیوں اور انشورنس کمپنیوں نے بھی تعاون کیا ہے۔‘
ایسے پاکستانی جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں وہ اپنے بینک یا کسی دوسرے بینک کی ویب سائٹ سے براہ راست ’روشن اپنی کار‘ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
متعدد بینکوں نے آپشنز اور معلومات اپنی ویب سائٹس پر ڈال دی ھیں، آپ اس  ​اس اسکیم کے تحت فائنانسگ کا طریقہ  کوئی بھی رکھ سکتے ہیں یعنی  روایتی یا  اسلامی بینکنگ  دونوں  دستیاب ہیں۔
اسکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی بیوی یا بیٹے کے نام پر کار کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
ایک بڑے بینک کی ویب سائٹ کے مطابق اہلیت کی شرائط یہ ہیں کہ خلیجی ممالک میں رہنے والوں کی کم سے کم ماہانہ آمدنی دس ہزار اور امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا وغیرہ کے لیے آمدنی تین ہزار ڈالر کے برابر ہو۔
اس کے علاوہ خریدنے والے کی کریڈیٹ ہسٹری صاف ہو یعنی کسی بینک وغیرہ کے نادہندہ نہ ہوں۔
مطلوبہ دستاویزات میں قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ، سوشل سیکورٹی کارڈ یا اقامہ کے علاوہ آمدنی کی دستاویزات شامل ہوں، کم سے کم ڈاؤن پے منٹ پندرہ فیصد تک ہے۔