سعودی عرب کے لیے نامزد نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر

جدہ ( امیر محمد خان سے ) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اپنی مدت ملازمت ختم کرکے ریٹئرڈ ہوکر 28 اپریل کو پاکستان روانہ ہورہے ہیں جبکہ نئے نامزد سفیر
 لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے 25 اپریل۔ریاض پہنچ رہے ہیں۔سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز نے اپنے الوداعی پیغام میں  نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’میں اب ذمہ داریاں انتہائی تجربہ کار جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر کو سونپ کر جا رہا ہوں، مجھے یقین ہے ان کی قیادت میں ہمارے دو قومی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔‘
سعودی عرب کے لیے نامزد نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے انھیں کرنل کمانڈنٹ آف مجاہد فورس بھی تعینات کیا۔سنہ 2016 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انھیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔سنہ2014  میں جب وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا اور رینجرز کو خصوص اختیارات دیے تو اس وقت بلال اکبر میجر جنرل تھے۔ انھیں اس وقت ڈی جی رینجرز تعینات کر کے کراچی بھیجا گیا۔ان کی قیادت میں رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ لاہور میں 11 ویں ڈویژن میں بطور جی او سی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
پاکستان کمیونٹی نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ بلال اکبر بہ حیثیت سفیر پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کو مزید استحکام دینے کیلئے اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے گزشتہ سفیر کے کام کو آگے بڑھانگے۔