پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل کھیلا جائے گا

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کل کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، گرین شرٹس تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی بینچ اسٹرنتھ کو بھی آزمائے گی۔

ہرارے میں دونوں ٹیموں نے سیریز کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور دونوں میں کل پہلے میچ کے لیے جوڑ پڑے گا۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم اور زمبابوے کے کپتان شان ولیمز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی۔

دوسری جانب بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ایک اہم سنگ میل کے قریب تر ہیں، وہ سیریز میں 60 رنز بناکر تیز ترین دو ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیریز میں پاکستان ٹیم مینجمنٹ تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ بینچ اسٹرنتھ کو بھی موقع دینا چاہتی ہے۔

اس پلان کے تحت وسیم جونیئر اور دانش عزیز کو بھی چانس ملنے کی توقع ہے۔

شاہین آفریدی، محمد رضوان اور حسن علی کو بھی کسی میچ میں آرام کروایا جاسکتا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا اور پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر اس میچ کو براہِ راست نشر کرے گا۔